بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر کی صدارت میں نارکوٹکس کوآرڈی نیشن (این سی او آر ڈی) کی ضلعی سطح کمیٹی کا 11ویں میٹنگ آج یہاں ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوئی۔میٹنگ کا مقصد متعلقہ محکموں کی جانب سے کنٹرول اَقدامات کے حوالے سے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینا اور ضلع میں منشیات کی بدعت سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔دورانِ میٹنگ متعلقہ محکموں کی جانب سے ضلع کے ڈرگ کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اِس میں ضلع بارہمولہ میں منشیات کی لت کے پھیلاؤ، مسائل کے علاقوں، نشے کے عادی افراد کی عمر کی حد، منشیات کے استعمال کے مقامات اور منشیات کے علاج کی سہولیات کی حالت کا بھی تفصیل سے احاطہ کیا گیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے ضلع میں منشیات کے خاتمے کے لئے 10ویں این سی او آر ڈی میٹنگ کے دوران تمام متعلقہ محکموں کو دی گئی ہدایات کے حوالے سے ہونے والی تمام پیش رفت کی تفصیلات طلب کیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر موصوفہ نے مزید کہا کہ منشیات کی بدعت پر قابو پانے کے لئے اِجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور تمام شراکت داروں کو منشیات کے استعمال میں ملوث افراد کی بحالی کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے سکولوں اور یونیورسٹیوں میں بڑے پیمانے پربیداری مہم چلانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو منشیات کے اِستعمال کے خطرات اور منفی نتائج سے آگاہ کیا جاسکے۔دریں اثناء، تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور مزید حکمت عملی کے حوالے سے چیئرمین کو آگاہ کرنے کے لئے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی گئی جس کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے منشیات سے پاک بارہمولہ کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مربوط حکمت عملی اَپنانے پر زور دیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ظہور احمد رینہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ ، متعلقہ محکموں کے ایس ڈی ایم اور دیگر اَفسران موجود تھے۔










