ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے جی ایچ ایس دیوان باغ سے ’ شانتی یاترا‘ کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

شانتی یاترا کا مقصد طلباء میں امن اور عالمگیر بھائی چارے کے حوالے سے مہاتما گاندھی کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول دیوان باغ سے مہاتما گاندھی کی 153 ویں یوم پیدائش کی یاد میں اَمن مشعل روشن کر کے ’ شانتی یاترا ۔2023ء ) کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔محکمہ تعلیم بارہمولہ نے شانتی یاترا کا انعقاد کیا تھا۔ اس یاترا میں سکول بچوں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں نے حصہ لیا جو بارہمولہ کے کئی مقامات سے گزری۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ اَمن مشعل کے ساتھ شانتی یاترا کشمیر کے تمام 10اَضلاع سے گزرے گی جس میں سکولی طلباء او ردیگر متعلقہ اَفراد اَمن کا پیغام لے کر آئیں گے اور 2؍ اکتوبر کو گاندھی جینتی پر سری نگر میں اِختتام پذیر ہوں گے ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شانتی یاترا کا مقصد طلباء میں اَمن اور عالمگیر بھائی چارے کے حوالے سے مہاتما گاندھی کی تعلیمات کو عام کرنا ہے جو کہ وقت کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بارہمولہ کے تمام تعلیمی اِداروں میں گاندھی جی کی تعلیمات پر مبنی مہینہ بھر کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔دریں اثنا، محکمہ تعلیم بارہمولہ نے تمام شرکأ اور رضاکاروں کا شکریہ اَدا کیا جو اس یاترا کو حقیقت بنانے کے لئے اِکٹھے ہوئے ہیں۔اِس موقعہ پر چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ بلبیر سنگھ رینہ اور دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔