ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے اِنڈور سٹیڈیم میں ڈی پی ایل انڈر 19گرلز ہینڈ بال ٹورنامنٹ کا آغاز کیا

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کی موجودگی میں اِنڈور سٹیڈیم بارہمولہ میں آئی ڈِی پی ایل اَنڈر 19 گرلز ہینڈ بال ٹورنامنٹ کا اِفتتاح کیا۔محکمہ اَمورنوجوان و کھیل کود جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا آغاز قومی ترانے اور کھیلوں کے عزم کے ساتھ ہوا جہاں تمام عہدہ داروں اور شرکأ نے منصفانہ کھیل اور سپورٹس مین شپ کا عہد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپنے افتتاحی کلمات میں تمام شرکأ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے ایتھلیٹک مقابلوں میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود بارہمولہ کی روزانہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے اِنعقاد کے لئے جاری کوششوں کی سراہنا کی جو پورے خطے میں نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور فروغ دینے میں اہم ہے ۔اِس ٹورنامنٹ میں صوبہ کشمیر کے آٹھ اَضلاع کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو نوجوانوں میں ہینڈ بال میں وسیع جوش اور ٹیلنٹ کو اُجاگر کرتی ہیں۔ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلوں اور اعلیٰ سطحی مقابلوں کا وعدہ کیا گیا ہے جس کے سیمی فائنل اور فائنل کل کھیلے جائیں گے۔