ضلع بارہمولہ کے یدی پورہ پٹن علاقہ میں علی الصبح خونین تصادم آرائی

جیش سے وابستہ2مقامی ملی ٹنٹ ہلاک: ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ

چتراگام شوپیان میں2سے3ملی ٹنٹ محصور،ملی ٹنٹ مخالف آپریشن جاری:پولیس

بارہمولہ ،شوپیان//جموں وکشمیر پولیس نے فوج اورنیم فوجی دستوں کے اشتراک سے سرگرم ملی ٹنٹوں کیخلاف آپریشن آل ٓوٹ کے تحت اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں ۔ان ہی جاری کارروائیوںکے تحت ضلع بارہمولہ کے یدی پورہ پٹن علاقہ میں جمعے کی صبح ایک خونین تصادم میں جیش محمدسے وابستہ2مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے ،جن کے بارے میں ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمدپٹن نے کہاکہ مارے گئے ملی ٹنتوںکاہدف حیدر پورہ پٹن میں جاری اگنی ویر بھرتی ریلی تھی ،جس میں وادی بھر سے نوجوان شامل ہورہے ہیں ۔اُدھر جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیان کے چتراگام علاقہ میں جمعے کوعلی الصبح سے ایک اورملی ٹنٹ مخالف آپریشن جاری ہے ۔پولیس ودفاعی ذرائع کے مطابق یہاں کم سے کم 2سے3ملی ٹنٹوں کے موجودہونے کی اطلاع ہے۔ذرائع نے بتایاکہ چتراگام شوپیان میں طرفین کے درمیان شدیدگولی باری کاسلسلہ جاری ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے یدی پورہ پٹن علاقہ میں جمعے کی صبح اُسوقت ایک انکائونٹر شروع ہوا،جب یہاں کچھ ملی ٹنٹوںکی موجود گی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس ،فوج اورفورسزنے مشترکہ طورپر محاصرے کے بعدتلاشی کارروائی شروع کی ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ فوجی اعتبار سے ہائی سیکورٹی والے علاقہ یدی پورہ پٹن میں علی الصبح محاصرے کی کارروائی عمل میں لانے کے بعدجب سیکورٹی فورسزنے یہاں گھر گھرتلاشی کارروائی شروع کی توایک مکان میں چھپے ملی ٹنٹوںنے اندھادھند فائرنگ شروع کردی ۔انہوںنے بتایاکہ جب سیکورٹی اہلکار تلاشی لینے کی غرض سے ایک رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تواندرموجود ملی ٹنٹوںنے گولی باری شروع کی ،جسکے بعدسیکورٹی فورسزاہلکاروںنے بھی جوابی کارروائی عمل میں لائی ،اوریوںیہاں طرفین کے درمیان شدیدنوعیت کی گولی باری کاتبادلہ شروع ہوا،جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔سیکورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں کچھ وقت کے وقفے سے 2ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ مقامی لوگوںکے مطابق اس جھڑپ کے دوران کم سے کم2رہائشی مکان تباہ ہوگئے ۔یدی پورہ پٹن میں جمعے کی صبح عمل میں لائے گئے ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے بارے میں ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ نے فوجی کمانڈروںکی موجودگی میںایک پریس کانفرنس میں تفصیلات دیں۔ ایس ایس پی بارہمولہ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جمعے کی صبح صبح پٹن کے یدی پورہ گاؤں میں کچھ ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔انہوںنے بتایاکہ بارہمولہ پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ایس ایس پی بارہمولہ نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک رہائشی مکان سے چھپے ہوئے جنگجوؤں نے تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں انکاؤنٹر شروع کیا گیا۔انہوںنے مزید بتایا کہ کچھ دیر تک تصادم جاری رہا اور بالآخر یہاں موجود2ملی ٹنٹ مارے گئے ۔جن کی تحویل سے ایک AKS74Uرائفل معہ3 میگزین اور ایک پستول بمع میگزین برآمد کیا گیا ہے۔ایس ایس پی بارہمولہ نے کہا کہ ہمیں اطلاع موصول ہوائی تھی کہ ان 2ملی ٹنٹوں کو بارہمولہ میں جاری آرمی ریکروٹمنٹ ریلی (اگنویر) پر حملہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ نے کہاکہ ان کا مشن نوجوانوں کو پریشان کر کے اس بھرتی ریلی کو ناکام بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم ہم دونوںملی ٹنٹوں کو ہلاک کر کے ریلی پر حملہ کرنے کے ان کے منصوبے کو ناکام بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔سینئرپولیس افسر نے کہاکہ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس وقت تک تصادم کی جگہ کے قریب نہ جائیں جب تک کہ اس جگہ کو کسی بھی قسم کے دھماکوں سے مکمل طور پر صاف نہیں کیا جاتا۔ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ نے کہاکہ میں نوجوانوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ تشدد کے راستے میں شامل نہ ہوں۔اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کشمیرزون پولیس نے ایک ٹویٹ میں مزیدکہاکہ یدی پورہ پٹن میں مارے گئے دونوںملی ٹنٹ کاتعلق کالعدم تنظیم جیش محمد سے تھا۔انہوںنے کہاکہ مارے گئے دونوںملی ٹنٹ مقامی ہیں ،جن کی شناخت عمل میں لائی جارہی ہے۔اُدھر جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیان کے چتراگام علاقہ میں جمعے کوعلی الصبح سے ایک اورملی ٹنٹ مخالف آپریشن جاری ہے ۔پولیس ودفاعی ذرائع کے مطابق یہاں کم سے کم 2سے3ملی ٹنٹوں کے موجودہونے کی اطلاع ہے۔ذرائع نے بتایاکہ چتراگام شوپیان میں طرفین کے درمیان شدیدگولی باری کاسلسلہ جاری ہے ۔