سری نگر// صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے تاریخی کشمیر میراتھن ایونٹ کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج یہاں ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر اویس احمد،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین،ناظم پھولبانی سلیم الرحمان، ناظم سیاحت راجا یعقوب، ناظم جے کے ٹی ڈی سی،ناظم ہیلتھ سروسز کشمیر، ایس ایس پی سری نگر، ایس ایس پی ٹریفک، آر اینڈ بی،سپورٹس کونسل، پی ایچ اِی کے افسران کے علاوہ چیوانگ موٹپ (پدم شری ایوارڈ یافتہ) بھی موجود تھے۔میٹنگ میں پولو گراؤنڈ سری نگر میں میراتھن کے آغاز اور اِختتامی مقام اور شرکأکی سہولیت کے لئے روٹ کے اِنتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے محکمہ صحت کو پولو گراؤنڈ میں کریٹیکل کیئر ایمبولینسز کے جامع اِنتظامات کرنے، مقام اور روٹ کے ساتھ دیگر سٹیشنوں پر ضروری آلات کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت دی۔اِس کے علاوہ صوبائی کمشنر کشمیرنے میراتھن ڈے کے موقعہ پر ایس ایم ایچ ایس سری نگر میں ایک خصوصی مرکز قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ سنگین طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے اور اس سے ملحقہ دیگر صحت اِداروں کو بھی متحرک کیا جاسکے۔اُنہوں نے ایل سی ایم اے اور این ڈی آر ایف کو ہدایت دی کہ وہ ہنگامی صورتحال میں طبی اِمداد فراہم کرنے کے لئے تیار رہیں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے ناظم سیاحت پر زور دیا کہ وہ کشمیر میراتھن کی کامیابی کے لئے مختلف سٹیشنوں پر رضاکاروں کی خدمات کو شامل کریں۔وِی سی ایل سی ایم اے کو فواروں کے آپریشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی جبکہ آر اینڈ بی اور ایس ایس سی ایل محکموں سے کہا گیا کہ وہ گڑھوں کو بھرنے، ملبے کو ہٹانے اور سپیڈ بریکروںکو رنگ کر کے سڑکوں کی ہموار اور صاف سطح کو یقینی بنائیں۔وِجے کمار بدھوری نے کے پی ڈی سی ایل کو ہدایت جاری کی کہ وہ پنڈال کی روشنی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ ٹائم ریڈنگ ڈیوائسز اور دیگر آلات کے فنکشن کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے ناظم سیاحت کو ہدایت دی کہ میراتھن کے اَحسن اِنعقاد کے لئے مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطے اور قریبی تال میل کے لئے ٹی آر سی میں کنٹرول روم قائم کیا جائے۔اِس کے علاوہ اُنہوںنے شرکأ کے لئے شٹل سروس چلانے ، ہجوم پر قابو پانے کے اَقدامات ، سیاحتی مقامی شراکت داروں کی شمولیت ، دستکاری ، زراعت اور باغبانی محکموں کے ذریعے سٹالوںکے قیام ، نامزدنوڈل اَفسران ، میڈیا پاس ، مقام پر سجاوٹ کے علاوہ حفاظتی اِنتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔










