پونچھ//صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے سب ڈویژن مینڈھر کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ حالیہ بلااِشتعال سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اِس دورے کا مقصد نقصان کا تخمینہ لگانا اور متاثرہ کنبوں کے اَفراد کو بروقت اِمداد فراہم کرنا تھا۔اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی تھے۔صوبائی کمشنر نے دورے کے دوران متاثرہ مقامات کا معائینہ کیا اور مقامی باشندوںسے بات چیت کی تاکہ ان کے مسائل اور نقصانات کا خود جائزہ لے سکیں۔اُنہوں نے اُس کنبے کے گھرکا بھی دورہ کیا جہاں ایک خاتون گولہ باری کی وجہ سے جاں بحق ہو گئی تھیں۔ صوبائی کمشنر نے سوگوار کنبے کے ساتھ دِلی اِظہارِ تعزیت کی اور اِنتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کایقین دِدلایا۔ اُنہوں نے تمام متاثرہ اَفراد سے دلی ہمدردی کا اِظہار کیاجو سرحد پار گولہ باری سے متاثر ہوئے ہیں۔صوبائی کمشنر جموں نے ضلع اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ جان، مال اور مویشیوں کے نقصانات کا جامع اور مقررہ وقت میں جائزہ لیا جائے۔ اُنہوں نے متاثرہ اَفراد کی تکالیف کوکم کرنے کے لئے فوری ریلیف اور معاوضے کی فراہمی پر زور دیا۔اُنہوں نے اس دُکھ کی گھڑی میں لوگوں کے ساتھ اِنتظامیہ کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ہمدردی اور تیزی کے ساتھ معمولات زندگی کی بحالی کے لئے کام جاری رکھیں۔










