28000 روپے اور 4 دیگر اے ٹی ایم ایس کارڈز برآمدـ:پولیس
سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو ایک اے ٹی ایم گارڈ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو مبینہ طور پر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک صارف کے کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے رقم نکال رہا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے کہا کہ 14 نومبر 2022 کوپولیس تھانہ راجپورہ پلوامہ کو ٹوجن کے رہنے والے ایک محمد یوسف ڈار ولدعبدالغنی کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک نامعلوم شخص نے اس کے اکاؤنٹ سے28000 روپے کی رقم چوری کر لی ہے۔پولیس سٹیشن راج پورہ میں اس حوالے سے ایف ائی آرزیرنمبر100/2022قانون کے سیکشن380آئی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی جس کے دوران تکنیکی وسائل کی مدد سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس نے کہا کہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور دوران تفتیش تکنیکی وسائل کی مدد سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے ماسک پہنے ہوئے دلی پورہ اے ٹی ایم مشین میں اپنے اے ٹی ایم کارڈ کا استعمال کرکے رقم نکالی ہے۔ مزید تفتیش کے نتیجے میں شبیر احمد پوسوال (پکھیر پورہ اے ٹی ایم پرتعینات اے ٹی ایم گارڈ) ولد محمد قاسم پوسوال ساکنہ سونابنجر راجپورہ نامی ایک مشتبہ شخص کی شناخت ہوئی جسے پوچھ گچھ کے لئے لایا گیا اور مسلسل پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اُس کے انکشاف پر 28000 روپے کی رقم اور مختلف صارفین کے 4 دیگر اے ٹی ایم ایس کارڈز برآمد کئے گئے۔پولیس نے کہاکہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔ پلوامہ پولیس نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔










