dooran

شہریوں کی فلاح و بہبود اور سماجی پنشن, آسام ماڈل کا مشاہدہ کرنے کیلئے 3رکنی پینل تشکیل

سرینگر///حکومت نے فلاح و بہبود اور پنشن سے متعلق آسام ماڈل کا مشاہدہ کرنے کے لیے تین رکنی پینل تشکیل دیا ہے۔تشکیل شدہ پینل بہبودوپنشن سے متعلق آسام ماڈل کا مشاہدہ کرے گا، تاکہ اسے خاندان پر مبنی بنایا جا سکے اور ہر کنبے کواس سے مستفید ہو۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پینل میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ،محکمہ منصوبہ بندی،ترقی و نظارت کی طرف سے نامزد محکمہ کے ایڈیشنل سیکرٹری اور اسی محکمہ طرف سے نامزد کئے گئے محکمہ کے جوائنٹ ڈائریکٹر بطور ممبر ہونگے۔آسام میں ’’دین دیال دیویانگ جن پنشن اسکیم‘‘(معذور افراد) 19-2018 کے دوران شروع کی گئی ہے جسے سماجی بہبود محکمہ، آسام کے تحت سب سے زیادہ فائدہ مند اسکیموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔مستفید ہونے والے کو روپے1,000 کی ماہانہ پنشن ملے گی۔اس اسکیم کا مقصد ہر ایک معذور شخص کو ان کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے ماہانہ 1,000روپے کی پنشن فراہم کرنا ہے اور معذوریوں کی 21 اقسام کو مطلع کیا گیاہے۔آسام میں بزرگ شہریوں کے پنشن کیلئے‘‘کوشل کنور بردھا پنشن اسکیم‘ کا نفاذ بھی عمل میں لایا گیا ،جس کے تحت60برس سے زائد شہریوں کو’ڈی بی ٹی‘ کے ذریعے250روپے ماہانہ پنشن فرہم کیا جاتا ہے۔ پنشن کی رقم ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو مستفید ہونے والے کے کھاتے میں بھیج دی جائے گی۔جموں کشمیر میں مربوط سماجی سلامتی اسکیم(انٹی گریٹڈ سوشل سیکیورٹی اسکیم) سماجی بہبود کے محکمے کی جانب سے جاری ہے جس کے تحت بزرگ افراد، بیواؤں، طلاق یافتہ، پریشانی میں مبتلا خواتین خواجہ سرائوںاور جسمانی طور پر معذور افراد کو مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔