سیب کے باغات میں گھس کر 2سو سے زائد چھوٹے درختوں کو کاٹ ڈالا / ڈی سی شوپیان
سرینگر // جنوبی ضلع شوپیان کے مضافات میں رات کی تاریکی میں کچھ شر پسند عناصر نے سیب کے 200چھوٹے درختوں کو کاٹ دیا ہے ۔ پولیس نے واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ایک سنسنی خیز واقعہ میں جنوبی ضلع شوپیان کے آوینڈ علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو کچھ شر پسند عناصر نے سیب کے تقریباً 200 چھوٹے درختوں کو بدنیتی سے کاٹ دیا گیا۔نمائندے کے مطابق کچھ شر پسند عناصر نے محمد شفیع بٹ ولد غ محی الدین بٹ کے میوہ باغات میں گھس کر ان کے درخت کاٹ دئے اور انہیں لاکھوں روپے کا نقصان کر دیا ہے ۔ نمائندے نے بتایا کہ کچھ شر پسند عناصر نے باغ میں داخل ہوکر ان کے سیب کے درخت کاٹ دیں جو کہ ان کی روزی روٹی کا ذریعہ تھا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملہ میں کیس درج کی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ ایس ایس پی شوپیاں کی قیادت میں محکمہ پولیس کی ایک ٹیم کو ابتدائی معائنہ کے لیے جائے واردات پر روانہ کیا گیا ہے۔اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے، ڈی سی شوپیاں نے کہا’’یہ ایک سنگین جرم ہے جو ایک محنتی کسان کی روزی روٹی کو متاثر کرتا ہے۔ ہم فوری انصاف کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پولیس سرگرمی سے رہنمائی کر رہی ہے، اور ذمہ داروں کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا‘‘۔حکام نے کمیونٹی کو یقین دلایا ہے کہ قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور متاثرہ کو تمام ضروری تعاون حاصل ہوگا۔










