شمالی کشمیرمیں بھنگ کیخلاف جنگ

سمبل اور پٹن کے مضافاتی دیہات میںکارروائی،نشہ آور فصل تباہ ،مقامی لوگوںنے کی پولیس کی سراہنا

سری نگر//جموں وکشمیرپولیس نے شمالی کشمیرمیں نشہ آور فصل بھنگ کی کاشت کوتباہ کرنے کی مہم جاری رکھتے ہوئے سمبل اور پٹن کے کئی دیہات میں جنگلی بھنگ کو تلف کردیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق سمبل بانڈی پورہ پولیس تھانے کی ایک ٹیم نے جمعہ کے روز محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کیساتھ مل کر سمبل مارکیٹ،دریائے جہلم کے کنارے اور کچھ ملحقہ علاقوں میں موجود زمین کے ایک بڑے رقبے پراُگی جنگل بھنگ اور کاشت کی گئی بھنگ کو تباہ کردیا۔اسی طرح کی ایک کارروائی ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے کے کئی مضافاتی دیہی علاقوںمیں بھی روبہ عمل لائی گئی ۔بارہمولہ پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پرایک ٹویٹ میں جانکاری دی کہ بارہمولہ پولیس نے محکمہ ایکسائزاورمحکمہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کیساتھ مشترکہ کارروائی میں پٹن کے کھور شیرآباد، سدربل اور تانترے پورہ پلہالن میں 2 کنال اراضی پر موجودجنگلی بھنگ کو تباہ کردیا۔سمبل اور بارہمولہ کے لوگوںنے پولیس اوردیگر محکموںکی اس مشترکہ مہم کی سراہنا کرتے ہوئے اس عزم کااظہار کیا کہ وہ نشہ آور فصل کی کاشت کو تباہ کرنے میں پولیس کو اپنا تعاون جاری رکھیں گے ۔