مقامی لوگوں کی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے اور ان کے ازالے کیلئے عوامی دربار کا اِنعقاد کیا
پونچھ//سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف ،ری ہیبلی ٹیشن اینڈ رِی کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی ڈی ایم آر آر اینڈ آر) انل کول نے آج ستھرا کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے اور ان کے ازالے کے لئے ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔عوامی رَسائی پروگرام میں ستھرا بلاک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی جنہوں نے جے جے ایم منصوبوں کی جلد تکمیل ، بجلی کے بلوں میں اِضافہ ، تحصیل منڈی کے غیر دریافت شدہ علاقوں کو سیاحتی نقشے میں شامل کرنے ، کالانی میں فٹ برج کی تعمیر ، ستھرا منڈی روڈ کی تعمیر اور صحت اور تعلیمی شعبے سے متعلق دیگر امور پر اپنے مسائل اُٹھائے۔سیکرٹری موصوف نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ اُٹھائے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے تمام شراکت دار محکموں پر زور دیا کہ وہ فوری عوامی خدمات کی فراہمی میں ایک فعال اورعوام دوست طرزِ عمل اَپنائیں۔ اَیڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ سندیش کمار شرما نے اِنتظامی سیکرٹری کو ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی اَقدامات اور کوششوں کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے اِس بات کی تصدیق کی کہ کیمپ کے دوران حاصل ہونے والی تمام عوامی معلومات کو ریکارڈ کیا جائے گا اور قابلِ عمل منصوبوں میں ضم کیا جائے گا۔تقریب میں ڈِی ڈِی سی چیئرپرسن پونچھ عظیم اختر، محمد سلیم ملک، شوکت کاظمی کے علاوہ ضلعی اَفسروںنے بھی شرکت کی۔










