سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم نے سنکلپ سمپورنا سو ستھیا پہل کا آغاز کیا

ماہرین نے پُر سکون اور خوشحال زندگی گزارنے میں صحت مند عادات کی اہمیت کو اُجاگر کیا

جموں//محکمہ سکولی تعلیم نے مختلف سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی کمیونٹی صحت اور فلاح و بہبود کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے اِنڈین اکیڈیمی آف پیڈیاٹرک (آئی اے پی) کے اِشتراک سے آج ’’سنکلپ، سمپورنا سوستھیا‘‘ (ایس ایس ایس) پہل شروع کی۔سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم ڈاکٹر پیوش سنگلا نے صوبہ جموں کے مختلف اَضلاع کے نامزد ماسٹر ٹرینروںکے ساتھ پہلی آن لائن بات چیت کی صدارت کرتے ہوئے اِس اَقدام کا باضابطہ آغاز کیا۔آئی اے پی آرگنائزیشن کے ماہرین نے پُر سکون اور خوشحال زندگی گزارنے میں صحت مند طرز زندگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔نیشنل سائنٹیفک کنوینئر اور کور ٹیم ممبر (ایس ایس ایس) ڈاکٹر ریکھا ہریش اور اُن کی ٹیم نے محکمہ سکولی تعلیم کے افسران اور ماسٹر ٹرینروں اور ٹیچروںکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صحت مند طرزِ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بچوں (3سے10 سال) کے لئے تیار کردہ مختلف ماڈیولزکا اِشتراک کیا۔ یہ ماڈیولز اِن بچوں کو مختلف حفاظتی صحت نگہداشت کے اَقدامات جیسے غذائیت، ورزش، ڈیجیٹل تندرستی، نیند، ذہنی صحت، آلودگی سے نمٹنے اور ان کی کم عمری میں کسی بھی قسم کی لت کے بارے میں تعلیم دیں گے۔ یہ بچے اَپنے والدین اور کمیونٹی کے درمیان ایک ذریعہ اور لنک کے طور پر کام کریں گے کیوں کہ وہ مستقبل کی کمیونٹی ہیں۔سکول پر مبنی ہیلتھ پروموشن پروگرام کا مقصد نہ صرف طلباء کو صحت کی تعلیم اور ہنر کی اَپ گریڈیشن کی تربیت فراہم کرنا ہے بلکہ مستقبل میں اَپنے طور پر ایسا کرنے کے لئے سکولوں کی صلاحیتوں کو بڑھانا بھی ہے جو ڈبلیو ایچ او اور اقوام متحدہ کی متعدد ایجنسیوں کی طرف سے دی گئی حالیہ کال کے مطابق صحت کو فروغ دینے والے سکول بنیں گے جن پر ہندوستان قابلِ فخر دستخط کنندہ رہا ہے ۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ سنکلپ، سمپورنا سوستھیا (ایس ایس ایس) اقدام کا مقصد سکول کے اساتذہ کو طرز زندگی کے مختلف پہلوؤں جیسے صحیح کھائیں (متوازن غذا) کا اِنتخاب کرنا، جنک ان بن ناٹ ان (جنک فوڈ کے نقصانات کے بارے میںبیداری)، جسمانی سرگرمی (سکرین ٹائم کو گرین ٹائم میں تبدیل کرنا)، ڈیجیٹل تندرستی، نیند کی حفظان صحت، ذہنی صحت اور فضائی آلودگی تاکہ نہ صرف اِن موضوعات کے بارے میں جانیں اور اُنہیں اَپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کریں بلکہ علم کو مزید پھیلانے کے لئے بھی ۔پہلے مرحلے میں جونیئر ماڈیول کا آغاز کیا گیا ہے اورصوبہ جموںکے پرائمری سکول اساتذہ کو ان ورکشاپوں کو اَپنے متعلقہ سکولوں میں منعقد کرنے کے لئے تربیت دی جارہی ہے تاکہ بعد میں ان کے سکول اور ضلع میں تربیت یافتہ ساتھیوں کے ذریعے پیغامات کو ہرجگہ پھیلایا جاسکے ۔ اِس طرح تعلیم کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کیئر کے میدان میں مداخلت اور اس کے فوائد کودیرپا بنایا جاسکے۔پروگرام میں محکمہ سکولی تعلیم کے سینئر افسران اورزائد اَز 100 ماسٹر ٹرینروں نے شرکت کی۔ محکمہ نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے اِنڈین اکیڈمی آف پیڈیاٹرک (آئی اے پی) کی ٹیم کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دِلایا۔اسسٹنٹ کوآرڈی نیٹر سماگراہ شکھشا ڈاکٹر کلدیپ سنگھ نے اس ورکشاپ کے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔