سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی نے بال تل کا دورہ کیا

سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی نے بال تل کا دورہ کیا

شری اَمرناتھ جی یاترا 2024 کیلئے صفائی ستھرائی کی سہولیات کا جائزہ لیا

سری نگر//سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ و پنچایتی راج ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے آج بال تل بیس کیمپ، دومیل اور نیل گراٹھ کا تفصیلی دورہ کیا اور اس مہینے کی 29 ؍تاریخ سے شروع ہونے والی شری اَمرناتھ جی یاترا (ایس اے این جے وائی) 2024 کی تیاری کے سلسلے میں سونہ مرگ محور کے ساتھ صفائی ستھرائی کی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن انو ملہوترا، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر شبیر حسین بٹ، اے سی ڈی گاندربل ڈاکٹر بشیر احمد اور دیگر فیلڈ اَفسران بھی تھے۔ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے صفائی ستھرائی کے مختلف بنیادی ڈھانچے بشمول بیت الخلأ، واش روموں، کوڑے دانوں، گرے واٹر ڈِسپورزل کے لئے نکاسی آب، ویٹ ویسٹ کی جگہ کو الگ کرنے، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ سائٹ اور بال تل محور پر صفائی ستھرائی کی دیگر سہولیات کی تنصیب اور فعالیت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے بیس کیمپ اور یاترا روٹ کے اِرد گرد کوڑے دانوںکی جگہ کا جائزہ لیا تاکہ کوڑاکرکٹ کو مؤثر طریقے سے ٹھکانے لگانے ، کوڑاکرکٹ کو الگ کرنے اور یاتریوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایاجاسکے۔ سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ نے نئے نصب بیت الخلأ کا بھی معائینہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ حفظان صحت اور رسائی کے معیارات پر پورا اُترتے ہیں۔اُنہوں نے بجلی کے کنکشنوں کی دستیابی اور قابل اعتمادیت کا بھی جائزہ لیا کہ صفائی ستھرائی کی تمام سہولیات بالخصوص وہ جو بجلی پر اَنحصار کرتی ہیں بغیر کسی رکاوٹ کے کام کو یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی نے یاتریوںمیں صفائی ستھرائی کی سہولیات کے مناسب اِستعمال کو فروغ دینے کے لئے ایک مؤثر اِنفارمیشن، ایجوکیشن اینڈ کمیو نی کیشن (آئی اِی سی) حکمت عملی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں صفائی ستھرائی کی کوششوں کی تاثیر بڑھانے اور سنگل یوز پلاسٹک (ایس یو پی)، پولی تھین بیگز اور بائیو میڈیکل ویسٹ کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے بیداری مہموں اور تعلیمی مواد کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے سہولیات کی مسلسل دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے کے لئے اچھی طرح سے تربیت یافتہ اہلکاروں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے اَب تک کی گئی پیش رفت پر اطمینان کا اِظہار کیا اور یاترا کے دوران اِن معیارات کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی نے تمام شری اَمرناتھ جی یاتریوں کے لئے صاف ستھرا اور حفظان صحت کا ماحول فراہم کرنے کے محکمہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ ہر یاتری کو صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات تک رَسائی حاصل ہو۔