سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کا معائینہ کیا

بارہمولہ //سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے آج سینئر اَفسران کے ہمراہ بارہمولہ کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے وہاں بارہمولہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اِس دورے کا مقصد کالج میں جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور پوزیشن کا جائزہ لینا بھی تھا۔سیکرٹری موصوف نے کالج کے مختلف بلاکوں کا تفصیلی معائینہ کیا اور کالج کی پرنسپل ڈاکٹر روبی ریشی نے سیکرٹری موصوف کو کئی کاموں کی موجودہ پوزیشن کے بارے میں جانکاری دی ۔سیکرٹری موصوف نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت اور مریضوں کی نگہداشت کی خدمات کے حوالے سے ایک مختصر خاکہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی کام کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ بھوپندر کمار نے مکمل معائینہ کرنے کے بعد متعلقہ ایجنسیوں سے تعمیراتی کام کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا اور مقررہ وقت کے اَندر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے پر بھی زور دیا اور اِس بات کو یقینی بنانے کی تاکید کی کہ معیار پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہ کیا جائے۔سیکرٹری موصوف نے متعلقہ اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ مریضوں کو معیاری او رمؤثر صحت نگہداشت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ اُنہوں نے میڈیکل او رپیرا میڈیکل کورسز کرنے والے طلباء کو دی جانے والی میڈیکل تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے پر بھی زو ردیا۔