سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا

جموں// سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے جے اینڈ کے ایڈز کنٹرول سوسائٹی ( جے کے اے سی ایس ) کے ذریعے نیشن ایڈز کنٹرول پروگرام کی عمل آوری کاجائزہ لیا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ایڈز کنٹرول سوسائٹی نے بتایا کہ نیشنل ایڈز کنٹرول آرگنائزیشن اورمرکز ی حکومت ایم او ایچ اینڈ ایف ڈبلیو نے جموںوکشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی(جے کے اے ایس سی) کو جموںوکشمیر میں نیشن ایڈز کنٹرول پروگرام کی عمل آوری کے لئے لازمی قرار دیا ہے ۔ اِس کے بعد اُنہوں نے جے کے اے ایس سی کے کام کرنے کے مختلف پہلوئوں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی اور اس کے علاوہ سالانہ ایکشن پلان اور جموںوکشمیریوٹی میں ایڈز پر قابوپانے کے طریقہ کار پر بات چیت کی۔اِس موقعہ پریہ بھی بتایا گیا کہ جموںوکشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی نے حال ہی میں یوٹی میںپی۔ ایم پی ایس ای( پروگرامیٹک میپنگ اور آبادی کے سائز کا تخمینہ ) کا اِنعقاد کیا ہے تاکہ ہائی رِسک گروپ آبادی کی شناخت اور نقشہ بنایا جاسکے۔سیکرٹری موصوف نے جموںوکشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی کو قومی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لئے سراہا۔ اُنہوں نے مزید اِس بات پر زور دیا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں بالغوں میں ایچ آئی وی کا پھیلائو بہت کم ہے لیکن ہائی رِسک گروپ میں آبادی کی سکریننگ اور جانچ کے علاوہ مناسب بیداری کے لئے کوششیں جاری رکھی جانی چاہئیں ۔اِس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ تمام ایچ آئی وِی مریضوں کو اینٹی ریٹرووائرل تھراپی ( اے آر ٹی ) کے تحت زیر علاج لایا جائے ۔بھوپندر کمار نے ایچ آئی وِی مریضوں کو مفت راشن فراہم کرنے کے اِمکانات کو تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے لئے جموںوکشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی سے کہا گیا کہ وہ اِس معاملے کو مناسب فورم پر اُٹھانے کی تجویز پیش کرے۔میٹنگ میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کے دیگر دفاتر کے علاوہ ڈائریکٹر فائنانس ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ نے شرکت کی۔