کپواڑہ میں اَفسران اور پی آر آئیز کے مشترکہ میٹنگ سے خطاب اور موقعہ پر ہی مسائل کا اَزالہ کیا
کپواڑہ//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج ضلع کپواڑہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں سلسلہ وار سرگرمیاں اَنجام دیں اور پی آر آئی اور اِنتظامیہ کے ساتھ ضلع کے ترقیاتی پروفائل کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون جو ضلع کپواڑہ کے مینٹر سیکرٹری بھی ہیں ،نے یہاں پہنچ کر پی آر آئی اور ضلع اِنتظامیہ کے اَفسران کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی اور ڈی سی آفس کمپلیکس کپواڑہ میں ضلع کے ترقیاتی پروفائل کاجائزہ لیا۔چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ عرفان سلطان پنڈت پوری ، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر، ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ ڈائیفوڈ ساگر دتاترے ، ایس ایس پی کپوارہ یوگل منہاس ، ایم سی کپواڑہ ، ہندواڑہ اور لنگیٹ کے صدور ،ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چیئرپرسن کے علاوہ ضلع اور سیکٹورل اَفسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے پرنسپل سیکرٹری کو ضلع کے ترقیاتی پروفائل کے بارے میں جانکاری دی۔دورانِ میٹنگ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے پی آر آئیز سے ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی فیڈ بیک حاصل کیا اور مختلف محکموں کے سربراہان بشمول چیف اِنجینئر پی ایچ اِی، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری سے فون پر بات کی اور مسائل کو حل کیا۔ اُنہوں نے ان محکموں کے سربراہان سے بھی کہا کہ وہ ذاتی طور پر ضلع کا دورہ کر کے مسائل کو موقعہ پر ازالہ کریں۔پرنسپل سیکرٹری موصوف نے کہا کہ کپواڑہ ضلع ترقی او رخوشحالی کی طرف گامز ن ہے کیوں کہ ضلع میں مختلف میگا پروجیکٹ زیر تکمیل ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع کو اِس کی سیاحتی صلاحیت او رڈیری سیکٹر کے ترقیاتی راستوں سمیت ظاہر کرنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے پانی کی فراہمی ، سڑک رابطے ، تعلیم اور صحت شعبے کی بنیادی سہولیات کو مزید اَپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ضلع کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینا اور عوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری نے چیئر مین ڈی ڈی سی کپواڑہ کی طرف سے گلٹی دار جلد بیماری ( ایل ایس ڈی ) کے بارے میں پیش کی گئی مانگ کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری اور دیگر متعلقہ اَفسران سے بات کی اور بتایا گیا کہ مطلوبہ دوا پہلے ہی منگوائی گئی ہے اور 2سے 3دِن کے اَندر کپواڑہ پہنچ جائے گی ۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری سے بھی کہا کہ وہ ڈیری سیکٹر کو ترقی دیں کیوں کہ اِس کی ضلع میں اچھی صلاحیت اور گنجائش ہے۔انہیں جانکاری دی گئی کہ اَب تک زائد اَز 20,000 جانوروں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے ۔ اُنہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع میں گلٹی دار جلد بیماری کے 763 معاملات ہیں او راَب تک 42اَموات ریکارڈ کی گئی ہے ۔اُنہوں نے چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ علاج اور صحت سہولیات کو تیز کرکے جانوروں کی اَموات کی شرح کم کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے مختلف پی آر آئی کے ذریعہ پیش کردہ پانی کی فراہمی کی کمی کے بارے میں پانی کے وسائل کو بہتر طریقے سے چینلائز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کپواڑہ ضلع میں آبی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔اُنہوں نے پانی ذخیرہ کرنے اور امرت سرووروں کی تعمیر کے بارے میں کہا کہ کپواڑہ امرت سرووروں کی تعمیر میں ملک میں نمبر 1 ہے ۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں پانی کے ٹینکر فراہم کئے جائیں ۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کشمیر یونیورسٹی کیمپس کے کام کاج کے بارے میں متعلقہ ڈی ڈی سی ممبر ہائی ہامہ سے کہا کہ وہ سیکرٹریٹ کا دورہ کریں تاکہ اِس مسئلے پر متعلقہ حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح پر بات کی جاسکے۔اُنہوں نے ڈی ڈی سی ممبران او ربی ڈی سی چیئرپرسن سے بھی کہا کہ وہ اہم مسائل کے حل کے لئے سیکرٹریٹ کا دورہ کریں جن پر اعلیٰ حکام کی توجہ کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ڈرنیج پروجیکٹ کے سلسلے میں صدر ایم سی لنگیٹ کے پیش کردہ مطالبے کے بارے میں چیف اِنجینئر آر اینڈ بی سے بات کی اور ان سے 5کروڑ روپے کے ڈرنیج پروجیکٹ ہندواڑہ کی تکنیکی منظور ی دینے کو کہا او رانہیں اِس ماہ کی 24تاریخ کو کپواڑہ کا دورہ کر نے اور موقعہ پر دیگر مسائل کے حل کرنے کے لئے کہا ۔اُنہوں نے کپواڑہ اور ہندواڑہ قصبوں کی میکڈامائزیشن کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔بس سٹینڈ ہندواڑہ اور بس سٹینڈ کپواڑہ کی اِنتظامی منظوری کا مسئلہ بھی متعلقہ حکام سے بات کر کے حل کیا گیا۔ جاری کورٹ کمپلیکس ہندواڑہ کی تعمیر سمیت دیگر مسائل بھی متعلقہ اعلیٰ حکام کے ساتھ ٹیلی فونک طور پر پیش کئے گئے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ضلع کے مختلف صحت اِداروں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی کمی کے حوالے سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر سے بات کی او ران سے کہا کہ وہ صحت اِداروں کو ضروری عملہ فراہم کریں ۔ اُنہوں نے سی ایم او سے ایمبولنس کے لئے ضروری مشینری کا سامان اور ڈرائیوروں کی خدمات فراہم کرنے کو بھی کہا۔اِس سے قبل چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ اور وائس چیئرمین ڈیڈی سی کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبران او ربی ڈی سی چیئرپرسن نے اِس موقعہ پر بات کی اور اَپنے مسائل پیش کئے ۔اُنہوں نے پرنسپل سیکرٹری کو یہ بھی بتایا کہ مختلف ترقیاتی کام مکمل ہوچکے ہیں اور وہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ان کے بروقت ازالے کے لئے مطمئن اور شکرگزار ہے۔










