سیکرٹری اے آر آئی ٹریننگز نے کولگام کا دورہ کیا

عوامی مسائل سننے اور ان کا اَزالہ کرنے کیلئے عوامی دربار کا اِنعقاد

کولگام//سیکرٹری اے آر آرئی ٹریننگ محکمہ شبنم کاملی نے آج حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر کولگام کا دورہ کیا اور منی سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں لوگوں کے مسائل اور شکایات کو سننے اور ان کے اَزالہ کے لئے ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔عوامی شکایات ازالے کیمپ میں دیوسر، فرسل، کیمو، یاری پورہ، کنڈ، ڈِی ایچ پورہ، بہی باغ، پومبے، کولگام، منزگام، ڈی کے مارگ اور دیگر علاقوں کے عوامی وفود نے شرکت کی اورچیئر کو اَپنے مسائل اور علاقوں کی ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔ٹریڈرس اینڈ فروٹ ایسوسی ایشن کولگام اور اَوقاف کمیٹی ممبران نے بھی اَپنے مسائل اور مطالبات کو اُجاگر کرنے کے لئے کیمپ میں شرکت کی۔عوامی دربار میں موجود شرکأ کی جانب سے اُٹھائے گئے اہم مسائل اور مطالبات میں آمنو شورت روڈ کی جلد تعمیر، ضلع ہسپتال کولگام میں کارڈیالوجسٹ کی تعیناتی، کیمو اور پَہلو میں پبلک لائبریریوں کا قیام، کیمو اور دیوسر میں پی ایچ سی کی اَپ گریڈیشن، ڈِی ایچ پورہ میں ڈوری بائی پاس کی تعمیر، چیمر ڈِی ایچ پورہ سڑک کی مرمت اور ضلع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل شامل ہیں۔سیکرٹری موصوفہ نے مزید حل کے لئے لوگوں کے تمام مسائل اور مطالبات کو بغور سُنا۔شبنم کاملی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ سرکاری سکیموں سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور حاضرین کو یقین دِلایا کہ تمام شکایات اور مطالبات کا بغور جائزہ لیا گیا ہے او رمتعلقہ اَفسران کے ساتھ اُن کا اَزالہ کیا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر خان نے اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام کا مقصد عوامی مسائل کو سننا اور ان کا بروقت اَزالہ یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کی شکایات کو مناسب طریقے سے سنا جائے اور ان کا اَزالہ کیا جائے۔کیمپ میں اے ڈِی ڈِی سی بشیر احمد وانی، اے سی ڈِی وقار احمد گیری، اے سی ڈِی سیّد نصیر، اے سی آر مشتاق احمد لون، ا ے سی پی نازیہ حسن، ایس ڈی ایم نورآباد بشیر الحسن، سی اِی او، سی ایم او ، ایگزیکٹیو اِنجینئروں، تحصیل داروں اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔