highway

سیری رام بن کے نزدیک خطرناک لینڈ سلائیڈنگ کاواقعہ رونما

2گاڑیاں زدمیں آئیں،ایک شخص ہلاک،3خواتین سمیت6دیگر زخمی

سری نگر//سیری رام بن کے نزدیک لینڈ سلائیڈنگ کے ایک واقعے میں 2گاڑیوںکونقصان پہنچاجبکہ اس خطرناک حادثے میں ایک شخص کی موت واقعہ ہوئی اور 3خواتین سمیت 6دیگرزخمی ہوگئے ۔لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سری نگر جموں قومی شاہراہ پر 2 طرفہ ٹریفک معطل ہو گیا،جبکہ واقعے کے بعدبڑی تعدادمیں مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہوکررہ گئیں ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز اُسوقت تشویش کی لہردوڑ گئی اورقومی شاہراہ کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا جب رام بن ضلع کے سیری گائوں کے نزدیک نزدیکی پہاڑی سے ایک زبردست مٹی کے تودے گرنے سے 2گاڑیاں اسکی زدمیں آگئیں۔خطرناک حادثہ رونما ہونے کے بعدشاہراہ کودوطرفہ ٹریفک کیلئے بندکردیاگیا ،اور جائے حادثے پر بچائو کارروائی شروع کردی گئی ۔ایس ایس پی رام موہیتا شرما نے بتایا کہ رام بن کے سیری گاؤں کے قریب270 کلومیٹر سری نگر جموں قومی شاہراہپر زبردست لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔انچارج ایس ایس پی نیشنل ہائی وے موہیتا شرما نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک سرجیت سنگھ ساکنہ سمبرنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں محمد تاج، حامد، روبینہ بیگم، سکینہ بیگم، سلمیٰ بنی اور عامر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انچارج ایس ایس پی نیشنل ہائی وے نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔حکام نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 2گاڑیوں کو نقصان پہنچا جس سے سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی۔حکام نے بتایا کہ سینئر پولیس اور سول افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور وہ بچائو کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے تاہم مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔