سکینہ ایتو نے کوئل پلوامہ میں عوامی دربار منعقد کیا

پلوامہ//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے آج ضلع پلوامہ میں امیونائزیشن سنٹر /ہسپتال گراؤنڈ کوئل میں عوامی شکایات ، ترقیاتی خدشات اور لوگوں کی امنگوں کو سُننے کیلئے ایک عوامی دربار منعقد کیا ۔ وزیر کے ساتھ ایم ایل اے پامپور جسٹس ( ریٹائیرڈ ) حسنین مسعودی ، ایم ایل اے زینہ پورہ شوکت حسین غنی بھی تھے ۔ بات چیت کے دوران متعدد وفود اور افراد نے عوامی مسائل اور ترقیاتی مطالبات کی ایک وسیع رینج پیش کی اور اپنے تحفظات کو اجاگر کرتے ہوئے میمورنڈم پیش کیا ۔ اٹھائے گئے مسائل میں صحت کی سہولیات کی مضبوطی ، تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری ، کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ ، آبپاشی اور صفائی ستھرائی سے متعلق امور ، عوامی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور صحت اور تعلیمی اداروں میں مناسب عملے کی تعیناتی شامل ہیں ۔ وزیر نے تمام خدشات کو غور سے سُنا اور متعلقہ افسران کو حقیقی شکایات کے فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے ذمہ دار حکمرانی کی ضرورت پر زور دیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو مربوط اور وقت پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے پامپور حسنین مسعودی نے عوامی رابطہ پروگرام منعقد کرنے کیلئے وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی بات چیت لوگوں کے حقیقی خدشات کو دور کرنے کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے ۔ ایم ایل اے زینہ پورہ شوکت حسین غنی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر کا عوام سے براہ راست بات چیت کرنے اور ان کی دہلیز پر ان کے مسائل سُننے کا دورہ شمولیتی اور عوام پر مبنی طرز حکمرانی کے تئیں حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ بعد میں وزیر نے این ٹی پی ایچ سی کوئل میں ڈینٹل چئیر کی سہولت کا افتتاح کیا جس کا مقصد علاقے میں دانتوں کی دیکھ بھال کی خدمات کو مضبوط بنانا ہے ۔