کہا، حکومت جموں و کشمیر میں فلاحی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہے
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے مادری مہربان ویلفیئر اِنسٹی چیوٹ مسکین باغ کا دورہ کیا اور اِدارے کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ وزیر موصوفہ کے ہمراہ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، ڈائریکٹر فائنانس سماجی بہبود محکمہ، ضلعی سماجی بہبود آفیسر سری نگر اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔اِس موقعہ پر اِنسٹی چیوٹ کے ٹرسٹیز اور عملے نے وزیر موصوفہ کو اِدارے کی جانب سے یتیموں، قبائلی طلبأ ، معاشی طور پر پسماندہ بچوں، بے سہارا خواتین اور دیگر ضرورت مند اَفراد کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بریف کیا۔وزیر سکینہ اِیتو نے ٹرسٹیز، عملے اور اِستفادہ کنندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اِدارہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ضرورتم مندوں کے لئے ایک اہم سہارا بنا ہوا ہے۔اُنہوں نے اِدارے کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت پسماندہ طبقات کی ترقی اور شمولیتی ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے کہا،’’مدری مہربان جیسے اِدارے ہمدردی اور حوصلے کی حقیقی مثال ہیں۔ حکومت ایسے اِداروںکا سپورٹ کرنے کے لئے پُر عزم ہے تاکہ کوئی بھی محروم نہ رہ جائے۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نچلی سطح پر فلاحی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے سنجیدہ ہے تاکہ عام لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے اِنسٹی چیوٹ کو حکومتی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ اِدارے کو درپیش حقیقی مسائل اور چیلنجوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔










