ٹنگمرگ//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے ممبر قانون ساز اسمبلی گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ کی موجودگی میں سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال ٹنگمرگ میںمیٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر بلاک اور آپریشن تھیٹر، ہائیر سیکنڈری سکول ترہامہ میں آڈیٹوریم اور لالپورہ میں نئے طرز کے پرائمری ہیلتھ سینٹر (این ٹی پی ایچ اِی) کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے عوامی اِجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جموںوکشمیر بھر میں صحت، تعلیم اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال(ایس ڈِی ایچ) ٹنگمرگ میں میٹرنٹی اینڈ چائلد کیئر بلاک اور آپریشن تھیٹر کا اِفتتاح کرنے کے بعد اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کے لئے پُرعزم ہے کہ معیاری طبی سہولیات ہر شہری بالخصوص خواتین، بچوں اور دُور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک پہنچیں۔وزیر صحت نے کہا کہ نئی طبی سہولیات سے زچہ و بچہ کی صحت کی خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی، نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت مضبوط ہوگی، ایمرجنسی طبی خدمات میں اضافہ ہوگا اور مریضوں کو بڑے ہسپتالوں میں ریفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی جس سے لوگوں کو اپنے علاقوں کے قریب بروقت علاج میسر آئے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت یونین ٹیریٹری میں جدید طبی بنیادی ڈھانچے، جدید طبی آلات اور بہتر سہولیات پر مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی کام عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دئیے جا رہے ہیں اور صحت و تعلیمی شعبوں کو مضبوط بنانا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے ہر جائز مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دی جاتی رہے گی۔بعد میں سکینہ ایتو نے ہائیر سیکنڈری سکول ترہامہ میں نو تعمیر شدہ آڈیٹوریم کا اِفتتاح کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم ایک ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جدید تعلیمی بنیادی ڈھانچہ طالب علموں کو نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں میں بھی آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ نیا آڈیٹوریم تعلیم، اِختراع اور ہم نصابی سرگرمیوں کا ایک فعال مرکز ثابت ہوگا۔اُنہوں نے لالپورہ میں نئے طرز کے پرائمری ہیلتھ سینٹر کا بھی اِفتتاح کیااور اُنہوں نے وہاں بھی ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نئی طبی سہولیت سے مقامی آبادی کو معیاری بنیادی صحت خدمات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی اور یہ نچلی سطح پر صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے لوگوں پرزور دیا کہ وہ اس جدید طبی ڈھانچے سے بھرپور اِستفادہ کریں۔سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی لالپورہ کی منعقدہ تقریب میں شرکت کی جبکہ ممبر اسمبلی گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ دِن بھر کے پروگراموںکے دوران وزیر موصوفہ کے ہمراہ رہے۔اِس موقعہ پر پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے حلقہ انتخاب میں صحت اور تعلیم کے اہم بنیادی ڈھانچے کے قیام کے ذریعے عوام کے دیرینہ مطالبات پورے کرنے پر حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج اِفتتاح کئے گئے منصوبوں سے عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔ پروگرام میں محکمہ صحت اورسکولی تعلیم کے سینئرافسران، ضلعی اِنتظامیہ، مقامی نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔










