سکینہ اِیتو نے لائسوکا دورہ کیا ،عوامی دربار منعقد کیا اور عوامی مسائل سنے

سکینہ اِیتو نے لائسوکا دورہ کیا ،عوامی دربار منعقد کیا اور عوامی مسائل سنے

فلڈپروٹیکشن بنڈ کا سنگ بنیاد رکھا اور واٹر سپلائی سکیم کا اِفتتاح کیا

کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج ضلع کولگام کے لائسو گاؤں کا دورہ کیا اور لوگوں سے روبرو ہونے اور اُن کی شکایات اور ترقیاتی مسائل کو سننے کے لئے ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پر علاقے کے لوگوں نے متعدد ترقیاتی مطالبات و مسائل وزیر موصوفہ کو گوش گزار کئے۔اُنہوں نے لوگوں کے مطالبات بغور سُنا او ریقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ وقت کے اندر پورا کیا جائے گا۔ اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے سیلاب کے خطرات سے علاقے کو محفوظ رکھنے اور زرعی اراضی و عوامی بنیادی ڈھانچے کو نقصانات سے بچانے کے مقصد سے فلڈ پروٹیکشن بنڈ کا سنگِ بنیاد رکھا۔اُنہوں نے واٹر سپلائی سکیم (ڈبلیو ایس ایس) کا بھی اِفتتاح کیا جس سے مقامی آبادی کو صاف پینے کے صاف پانی تک بہتر رَسائی حاصل ہوگی اور لوگوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔وزیر موصوفہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میںحکومت کی شمولیت اور مساوی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی رسائی پروگرام اور لوگوں کے ساتھ روبرو بات چیت حکومت کے اس طریقہ کار کا مرکزی حصہ ہیں جو جوابدہ اور شفاف حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے ہے۔اُنہوںنے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے قریبی تال میل کے ساتھ کام کریںاور لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی فلاح و بہبود اور ترقی کو اوّلین ترجیح دی جائے گی۔