سکینہ اِیتو نے شہید ہمایوں مزّمل میموریل جی ڈِی سی بوائز اننت ناگ کا اَچانک معائینہ کیا

سکینہ اِیتو نے شہید ہمایوں مزّمل میموریل جی ڈِی سی بوائز اننت ناگ کا اَچانک معائینہ کیا

اننت ناگ//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج شہید ہمایوں مزّمل میموریل گورنمنٹ ڈِگری کالج بوائز اننت ناگ کا اَچانک دورہ کیا اور اِدارے کے کام کاج، بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران کالج کے کیمپس کا تفصیلی چکرلگایا اورکلاس روموں، لیبارٹریوں اور دیگر اہم سہولیات کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے کالج کے پرنسپل،فیکلٹی ممبران اور اِنتظامی عملے سے بھی بات چیت کی۔سکینہ اِیتو نے بات چیت کے دوران اِس بات پر زور دیا کہ جی ڈِی سی بوائز اننت ناگ جنوبی کشمیر کے پرانے اور اہم تعلیمی اِداروں میں سے ایک ہے، لہٰذا یہاں دِی جانے والی تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا،’’ایسے تعلیمی اِدارے ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ضروری ہے کہ طلباء کو ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ اَپنی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے نکھار سکیں۔‘‘دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے طالب علموں سے بھی بات چیت کی اور کالج میں فراہم کی جانے والی تعلیمی معیار کے بارے میں ان سے رائے حاصل کی۔