کہا، یہ اَقدام جموں وکشمیر کی سیاحتی صلاحیت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرے گا
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ اِیتو نے چھٹی آرینز شکارا رَیس کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیاجو یہاں ڈل جھیل میں منعقد ہوئی۔ یہ رَیس چندی گڑھ کے آرینز گروپ آف کالجز میں زیر تعلیم جموں و کشمیر کے طلبأکی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔یہ رَیس جموں و کشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے اور پہلگام واقعے کے بعد وادی میں سیاحوں کو واپس لانے کے مقصد سے منعقد کی گئی۔اِس موقعہ پر وزیر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد اَقدام ہے جو جموں و کشمیر کی سیاحتی صلاحیت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ اَمن، اتحاد اور ہمارے جنت نظیر کشمیر کی خوبصورتی کا جشن ہے۔ اِس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے جموں و کشمیر کے ارد گرد نئے بیانیے پیدا کرنے ، مثبت توجہ مبذول کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔اُنہوں نے آرینز گروپ کے طلبأاور اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد آرینز گروپ نے کشمیری طلباءکی سہولیت کے لئے اہم کردار اَدا کیااور جموں و کشمیر کے طلبأکے لئے خصوصی سمسٹراِمتحانات کا اِنعقادکر کے ایک منفردقدم اٹھایا۔چیئرمین آرینز گروپ ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے تقریب میں شرکت کرنے پر وزیرموصوفہ کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کشمیر کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ زمین پر ایک جنت ہے اور ہمیشہ رہے گی جو منفی واقعات سے متاثر نہیں ہوگی۔ اُنہوں نے آرینز کے جے کے طلبا کی بھی ستائش کی ۔اِس موقعہ پرناظم سکولی تعلیم ڈاکٹر جی این اِیتو، ڈائریکٹر کالجز شیخ اعجاز بشیر، ڈائریکٹر جنرل آرینز گروپ ڈاکٹر پروین کٹاریہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر گریمأٹھاکر، آرینز گروپ کی سینئر مینجمنٹ اور بڑی تعداد میں طلبأ موجود تھے۔