جموں//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے ابھینو تھیٹر میں محکمہ تعلیم کے 261 کنٹن جنسی پیڈ ورکروں (سی پی ڈبلیوز) میں مستقلی کے احکامات تقسیم کئے۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے صوبہ جموں کے مختلف سکولوں میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے پروجیکٹوں کا بذریعہ ورچیول موڈ سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ شکھشابھوانی رکھوال، ڈائریکٹر سکولی تعلیم جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری، جوائنٹ ڈائریکٹر ایس سی اِی آر ٹی، محکمہ سکول ایجوکیشن کے سینئر اَفسران، سی اِی او جموں، پرنسپل، لیکچرر، ماہرین تعلیم اور ضلعی اِنتظامیہ کے اَفسران بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معیاری تعلیم فراہم کرنے، سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تعلیمی شعبے سے وابستہ ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی سماجی و اِقتصادی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور جموں و کشمیر کے تعلیمی منظرنامے کو تبدیل کرنے کے لئے مختلف اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے مستقل کئے گئے سی پی ڈبلیوز کو مُبارک باد دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کے کام کاج میں ان کے تعاون کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پی ڈبلیوز کی مستقلی ایک دیرینہ مانگ تھی اور موجودہ حکومت نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی متحرک قیادت میں ان کارکنوں کو سماجی تحفظ اور عزت فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کیا ہے جو برسوں سے محکمہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔اِس موقعہ پر وزیرتعلیم نے دُور دراز علاقوں سے شہروں تک اساتذہ کے ساتھ منسلک ہونے کے حوالے سے زیر و ٹالرنس پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے ڈائریکٹرسکولی تعلیم اور سی اِی او جموں کو ہدایت دی کہ ایسے تمام اساتذہ کو فوری طور پر گائوں میں ان کی پوسٹنگ کے اصل مقام پر واپس بھیج دیا جائے۔اُنہوں نے کہا،’’اساتذہ کی کمی اس لئے پیدا ہوتی ہے کیوںکہ کچھ اساتذہ دُور دراز علاقوں میں تعیناتی سے گریز کرتے ہیں۔ وقت کی ضرورت ہے کہ انہیں واپس بھیجا جائے تاکہ دیہی علاقوں کے بچے تعلیم سے محروم نہ ہوں۔‘‘وزیرموصوفہ نے مزید کہا کہ محکمہ سکولی تعلیم کے لئے ایک شفاف ٹرانسفر پالیسی پر عمل جاری ہے جوکہ اعلیٰ تعلیم محکمہ کے لئے پہلے سے مرتب کردہ پالیسی کی طرز پر ہوگی۔اِس موقعہ پر اُنہوںنے صوبہ جموں میں محکمہ سکولی تعلیم کے مختلف بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کاموں کا بذریعہ ورچیول سنگ بنیاد رکھا جن میں گورنمنٹ مڈل سکول ہیرانگر میں ایلیمنٹری ہوسٹل، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نگروٹہ گجرو کی اَپ گریڈیشن و جدید کاری اور گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول پلن میں اضافی کلاس روموںکی تعمیر شامل ہیں۔ ان منصوبوںسے ان علاقوں میں طلبا کے لئے تعلیمی سہولیات میں نمایاں بہتری اور طلبأ کے لئے ایک بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی متوقع ہے۔وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے ایس سی اِی آر ٹی جموں و کشمیر کی تیار کردہ کئی تعلیمی اِشاعتیں بھی جاری کیں جن کا مقصد درس وتدریس کے عمل کو بہتر بنانا اور جدید تعلیمی اصلاحات کے نفاذ میں مدد فراہم کرنا ہے۔اِس سے قبل اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں ڈائریکٹرسکولی تعلیم جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری نے سی پی ڈبلیوز کی مستقلی کے عمل اور جاری تعلیمی اَقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔










