سکینہ اِیتو اور جاوید احمد ڈار کا بارہمولہ اور اوڑی کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

سکینہ اِیتو اور جاوید احمد ڈار کا بارہمولہ اور اوڑی کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

زخمی شہریوں کی خیریت و عافیت دریافت کرنے کیلئے جی ایم سی بارہمولہ اور ایس ڈی ایچ اوڑی کا بھی دورہ کیا

بارہمولہ//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر کابینہ وزرأ سکینہ اِیتو اور جاوید احمد ڈار نے آج سرحدی ضلع بارہمولہ کا دورہ کیا اور سرحد پار سے جاری گولہ باری کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزرأ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کا دورہ کیا اور حالیہ گولہ باری میں زخمی ہوئے شہریوں کی خیریت وعافیت دریافت کی۔ اُنہوں نے زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے ہسپتال کے طبی عملے کو زخمی شہریوںکو فوری اور مؤثر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں ￿ نے متاثرین اور اُن کے اہل خانہ کو یقین دِلایا کہ حکومت اِس مشکل وقت میں اُن کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ان کی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہیں۔بعد میں وزرأ نے اوڑی کا بھی دورہ کیا اور گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا موقعے پر جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے ملاقات کی اور حکام کو شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دینے اور متاثرین کی فوری بازآبادکاری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزرأ نے نرگس نامی نوجوان خاتون کے سوگوار اہلِ خانہ سے ملاقات کی جو حالیہ گولہ باری کے دوران جاں بحق ہو گئی تھی۔ اُنہوںنے متاثرہ کنبے کے ساتھ اِظہارِ تعزیت کی اور اُنہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین دِلایا ۔ وزرأ اوڑی میں دیگر متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بھی ملے اور حکام کو شہریوں کی حفاظت اور فوری بحالی کی کوششوں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال اوڑی کا دورہ کر کے زخمی شہریوں سے بھی ملے۔ اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب طبی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔بعد میں وزرأنے گورنمنٹ ڈِگری کالج اوڑی کا بھی دورہ کیا جہاں سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ افراد کو عارضی طور پر ٹھہرایا گیا ہے۔ اُنہوںنے اِنتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرین کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں اور اُن کی بنیادی ضروریات ہر وقت دستیاب ہوں۔ اُنہوں نے متاثرین کی باقاعدہ طبی جانچ کے لئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔دورے کے دوران وزرأ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی اوڑی سجاد شفیع ، ممبر قانون ساز اسمبلی سوپور اِرشاد رسول کار، ضلع اِنتظامیہ بارہمولہ کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔