سوپور//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سوپور کے علاقے ڈانگرپورہ میں 26 سالہ عدنان الطاف راتھر کے گھر جا کر سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت پُرسی کی۔ وزیرموصوفہ نے کنبے کے غم میں شرکت کرتے ہوئے نوجوان میڈیکل طالب علم کے اِنتقال پر پر گہرے دُکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون اور سوگوار کنبے کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر و جمیل کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے اس المناک واقعے پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک نوجوان زِندگی کا ضیاع بالخصوص ڈاکٹر بننے کے خواب کو پورا کرنے والے طالب علم کی موت اِنتہائی افسوسناک ہے۔سکینہ اِیتونے کہا، ’’الفاظ اس کنبے کے درد کو بیان کرنے کے لئے ناکافی ہیں جس نے اَپنا نوجوان بیٹا کھو دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورکنبے کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔‘‘وزیر موصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ،ممبر اسمبلی پٹن جاوید ریاض اوررُکن اسمبلی سوپور ارشادرسول کاربھی موجود تھے جنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ اِظہار تعزیت کرتے ہوئے ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا۔










