سری نگر//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے آج ضلع بڈگام میں محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ان کے حلقہ اِنتخاب چرارِ شریف پر خصوصی توجہ دی گئی۔دورانِ میٹنگ محکمہ نے ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی جس میں مختلف شعبوں بشمول روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی)، کنکٹویٹی، گڑھوں کی مرمت اور یو ٹی کیپکس بجٹ کے تحت گزشتہ مالی برس کے دوران مکمل کئے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ میٹنگ میں رواں مالی برس کے دوران مجوزہ اور منظور شدہ نئے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔سپیکر موصوف نے جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقیاتی فوائد عوام تک بغیر کسی تاخیر کے پہنچ سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات زمینی سطح پر عوام تک پہنچنے چاہئیں اور ہر منصوبہ بہتر عوامی بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات میں بہتری کا باعث بننا چاہیے۔عبدالرحیم راتھر نے چرارِ شریف حلقے انتخاب سے متعلق کئی اہم مسائل کی جانب اِنجینئروں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ عوامی مفاد کے وسیع تر تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ تمام جاری کاموں کی رفتار میں تیزی لائی جائے اوراس بات کو یقینی بنائے کہ وہ مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔اُنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کام میں اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اقدامات کا مقصد چرارِ شریف کے لوگوں کے لئے حقیقی فوائد اور بہتر عوامی سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے۔میٹنگ میں چیف اِنجینئر آر اینڈ بی سینٹر کشمیر، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر آر اینڈ بی سرکل بڈگام، ڈائریکٹرفائنانس (پی ڈبلیو ڈی)، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ (پی ڈبلیو ڈِی)، چیف پلاننگ آفیسر بڈگام، ایگزیکٹیو اِنجینئرز چاڈورہ، چرارِ شریف اور بڈگام ڈویژن کے علاوہ محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔










