سپیکر نے دریگام زیارت گاہ کا دورہ کیا ،ریسوانی دریگام میں شالی گنگا پر 8.50 کرو ڑ روپے کی لاگت سے پُل اور زیارت گاہ کی خوبصورتی کیلئے 81 لاکھ روپے کا اعلان کیا

سپیکر نے دریگام زیارت گاہ کا دورہ کیا ،ریسوانی دریگام میں شالی گنگا پر 8.50 کرو ڑ روپے کی لاگت سے پُل اور زیارت گاہ کی خوبصورتی کیلئے 81 لاکھ روپے کا اعلان کیا

بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھرنے تاریخی دریگام بقعہ عالیہ کا دورہ کیا جو حضرت علمدار شیخ نور الدین نورانی ؒ سے منسوب ایک نہایت مقدس اور تاریخی زیارت گاہ ہے۔ اِس موقعہ پراُنہوں نے بقعہ عالیہ پر جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا اور علاقے کے لئے اہم ترقیاتی اَقدامات کا اعلان کیا۔دورے کے دوران سپیکر موصوف نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ زیارت گاہ کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے 81 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیںتاکہ اس کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحوں اور عقیدت مندوں کے لئے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوں نے کنکٹویٹی کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریسوانی تلونڈنگی دریگام میں نالہ شالی گنگا پر پُل کی تعمیر کے لئے 8.50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) جلد از جلد تیار کی جائے تاکہ کام کو مقررہ مدت میں شروع کیا جاسکے۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس قدر عظیم تاریخی و مذہبی اہمیت کے حامل علاقے کی طویل عرصے سے نظراندازی پر تشویش کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اتنی اہمیت رکھنے کے باوجود یہ علاقہ اتنے عرصے تک کیوں نظرانداز رہا۔اُنہوںنے لوگوںسے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ علاقے کی ہمہ جہت ترقی کو تیز کرنے اور عوام کے تمام جائز مطالبات پورے کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے انہیں علاقے کی مختلف ترقیاتی ضروریات اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ سپیکر موصوف نے ان کے مسائل کو بغور سُنا اور یقین دِلایاکہ تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار اورمنظم طریقے سے حل کیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے سپیکر کے اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ منظور شدہ منصوبوں سے نہ صرف تاریخی زیارت کے عظیم ورثے کا تحفظ ہوگا بلکہ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، رابطے بنانے اور عوامی سہولیات میں اضافہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔بعد میں سپیکر موصوف نے نمبل ہار میں معروف صوفی شاعر صمد میرؔ کی زیارت گاہ کا بھی دورہ کیاجہاں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہیںجانکاری دِی گئی کہ اس منصوبے کے لئے پہلے ہی 1.20 کروڑ روپے منظور کئے جا چکے ہیں۔اُنہوں نے اس مقام کے روحانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنا یقینی بنایا جائے۔