سپیکر مُبارک گُل نے قانون ساز کمپلیکس کا دورہ کیا

سپیکر مُبارک گُل نے قانون ساز کمپلیکس کا دورہ کیا

تقریب حلف برداری کیلئے مناسب اِنتظامات کریں۔ مُبارک گُل

سری نگر//پروٹیم سپیکرنئی قانون ساز اسمبلی مُبارک گُل نے سوم وار کونومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف دِلانے کی تقریب کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج قانون ساز کمپلیکس کا دورہ کیا۔اُنہوں نے کمپلیکس کے دورے کے دوران اَسمبلی ہال، میٹنگ ہالوں کے علاوہ وزیراعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور دیگرمتعلقین کے لئے مختص چیمبروں کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے ساؤنڈ سسٹم کی فعالیت، اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی، لائٹس اور کمپلیکس کے احسن طریقے سے کام کرنے کے لئے ضروری دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے عملے پر زور دیا کہ وہ سخت محنت اور بزنس آف دی ہائوس کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کریں۔ اِس سے قبل عملے نے مُبارک گُل کا والہانہ اِستقبال کیا اورسپیکر نے اَفسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ بھی منعقد کی۔اُنہوں نے کہا کہ تقریب حلف برداری کے لئے تمام اِنتظامات مناسب طریقے سے کئے جائیں تاکہ یہ عمل خوش اسلوبی اور مؤثر انداز میں چل سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہرملازم ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنا رول اَدا کرے۔ اُنہوں نے ایم ایل اے کے بیٹھنے کے مناسب انتظامات ، پارکنگ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور جہاں بھی ضرورت ہو کسی بھی خامی کو دور کریں۔مُبارک گُل نے مقننہ سنجیدہ بحث و مباحثے کے فورم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔واضح رہے کہ مُبارک گُل نے چھٹی مرتبہ سری نگر کی عیدگاہ اسمبلی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی اور جمعہ کے روز اُنہیں قانون ساز اسمبلی کا عبوری سپیکر مقرر کیا گیا ہے۔