سپیکر قانون ساز اسمبلی نے ایم ایل اے ہوسٹل سری نگر میں تجدید شدہ سہولیات اور نئی لفٹوں کا اِفتتاح کیا

سپیکر قانون ساز اسمبلی نے ایم ایل اے ہوسٹل سری نگر میں تجدید شدہ سہولیات اور نئی لفٹوں کا اِفتتاح کیا

سری نگر//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے ایم ایل اے ہوسٹل سری نگر کے نئے ہوسٹل بلاک میں نصب کی گئی نئی لفٹوں اور دیگر اَپ گریڈیشن وتزئین و آرائش کے کاموں کا اِفتتاح کیا۔یہ اِفتتاح بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے اور قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو دستیاب سہولیات کو بہتر بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ تزئین و آرائش کے یہ کام رہائشیوں کے لئے سہولیت ، رسائی اور مجموعی آرام کو بہتر بنانے کے مقصد سے انجام دئیے گئے ہیں۔ اِس موقعہ پر سپیکر نے خطاب کرتے ہوئے مؤثر خدمات کی فراہمی اور بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے عوامی بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنے اور جدید بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایم ایل اے ہوسٹل عوامی نمائندوں کے لیے ایک اہم سہولیت ہے اور اس لئے اس کی دیکھ ریکھ اور جدید کاری پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔اُنہوں نے ان کاموں کی تکمیل پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید لفٹوں کی تنصیب اور تزئین و آرائش کے کاموں سے قانون سازوں اور دیگر شراکت داروںکو محفوظ، آرام دہ اور صارف دوست ماحول فراہم کرکے بہت فائدہ ہوگا۔سپیکر موصوف نے سرکاری بنیادی ڈھانچے کی باقاعدہ دیکھ ریکھ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ایم ایل اے ہوسٹل میں تمام سہولیات کو مناسب اور مؤثر طریقے سے برقرار رکھا جائے۔ اُنہوں نے ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کو بروقت انجام دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ عوامی اثاثے اپنے مطلوبہ مقصد کو مؤثر طریقے سے پورا کرتے رہیں۔اُنہوںنے بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات عوامی نمائندوں کے لئے بہتر کام کرنے کے ماحول اور سہولیت کی فراہمی میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔اِس موقعہ پرسیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سینٹرل کشمیر، چیف اِنجینئر ایم اینڈ ایچ اِی سری نگر، متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئر وں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔