بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال چرارِ شریف میں نئی نصب کی گئی لیپروسکوپی مشین اور ڈیجیٹل ایکسرے مشین کا اِفتتاح کیاجو علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اِس موقعہ پر سپیکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان جدید تشخیصی اور سرجیکل سہولیات کی تنصیب سے چرارِ شریف اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب بہتر اور بروقت صحت کی سہولیات تک رَسائی کو یقینی بنا کر بہت فائدہ پہنچے گا۔اُنہوں نے کہا کہ صحت شعبہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور جموں و کشمیربھر کے لوگوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اَپنے عزم پر پوری طرح قائم ہے۔عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ حکومت صحت اِداروں کو جدید طبی آلات اور بہتر بنیادی ڈھانچے سے آراستہ کرنے کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ مریضوں کو مؤثر، معیاری اور کم خرچ علاج فراہم کیا جا سکے۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نئی لیپروسکوپی مشین کے ذریعے کم تکلیف دہ اور جدید جراحی طریقۂ علاج ممکن ہو سکے گا جبکہ ڈیجیٹل ایکسرے مشین ہسپتال کی تشخیصی صلاحیتوں میں نمایاں اِضافہ کرے گی جس سے مریضوں کو ایسی سہولیات کے لئے دوسرے ہسپتالوں کا رُخ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔سپیکر موصوف نے محکمہ صحت اور سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال چرارِ شریف کی اِنتظامیہ کی ان کوششوں کو بھی سراہا جن کے ذریعے ہسپتال میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں، نیم طبی عملے اور دیگر متعلقہ اہلکاروں پر زور دیا کہ نئی نصب شدہ مشینوں کا بھرپور اور مؤثر اِستعمال یقینی بنایا جائے اور اِن کی مناسب مینی ٹیننس کی جائے تاکہ عوام ان سہولیات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔اُنہوں نے حکومت کے عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے وسیع تر مفاد میں صحت اِداروں کو جدید سہولیات اور معیاری طبی خدمات سے آراستہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔










