مثبت نتیجہ کے بارے میں پر اُمید ہوں، مکمل حقوق کی بحالی کی خواہش رکھتا ہوں: غلام نبی آزاد
سری نگر//جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے منگل کو سپریم کورٹ کے اس حالیہ اعلان کا خیرمقدم کیا کہ وہ 11 جولائی کو آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کرے گا۔جے کے این ایس کے مطابق غلام نبی آزاد نے ان درخواستوں پر اعلیٰ عدلیہ کی توجہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، سازگار نتائج کیلئے اپنی اُمید پر زور دیا۔جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے بعد، سپریم کورٹ نے آرٹیکل370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کا نوٹس لیا ہے۔ غلام نبی آزادنے کہاکہ میں ایک مثبت نتیجہ کے بارے میں پر اُمید ہوں کیونکہ میں مکمل حقوق کی بحالی کی خواہش رکھتا ہوں، جو کہ 5 اگست 2019 کودفعہ 370کی منسوخی کے بعد ختم ہوگئے۔ انہوں نے آرٹیکل370 کی جامع نوعیت پر مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے تمام خطوں کے لوگوں کوقطع نظر ذات، عقیدہ یا مذہب کے فائدہ پہنچاتا ہے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 (جس میں جموں وکشمیرکو خصوصی پوزیشن دی گئی تھی)کو منسوخ کرنے کے تقریباً4 سال بعد ، چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں 5 ججوں کی آئینی بنچ اس فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت11 جولائی کو کرے گا،اوراس حوالے سے پیرکو عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ پر نوٹس شائع ہوئی ۔










