In the cities and villages of the valley, stray dogs are a bane for people

سوپور کے مختلف علاقوں میںآوارہ کتوں کی بھرمار

مقامی لوگوں میں خوف و تشویش،اسکولی بچوں، بزرگوں اور راہگیروں کو مشکلات، انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

سرینگر / این این بی // شمالی قصبہ سوپور کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے مقامی لوگوں میں خوف و تشویش کا ماحول پھیل گیا جبکہ اسکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور راہگیروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کو نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے امرگڑھ میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے مقامی لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں جبکہ رہائشی علاقوں، گلیوں اور اندرونی سڑکوں پر آوارہ کتوں کے جھنڈ کی موجودگی کے باعث پیدل چلنے والوں میں خوف پایا جا رہا ہے۔نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ امرگڑھ کی مختلف گلیوں اور رہائشی علاقوں میں آوارہ کتوں کے جھنڈ اکثر گھومتے رہتے ہیں، جس سے خاص طور پر اسکول جانے والے بچوں، بزرگ شہریوں اور دیگر راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ادھر والدین کا کہنا ہے کہ ان کے بچے روزانہ پیدل گلیوں سے گزر کر اسکول جاتے اور واپس آتے ہیں، جس کے باعث انہیں بچوں کی سلامتی کے حوالے سے مسلسل تشویش رہتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں صورتحال مزید پریشان کن ہوجاتی ہے، کیونکہ ان اوقات میں آوارہ کتوں کے جھنڈ گلیوں میں زیادہ نظر آتے ہیں۔علاقے کے بزرگ شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً وہ افراد جو روزانہ نماز کی ادائیگی کیلئے قریبی مساجد کا رخ کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے خوف کے باعث بعض بزرگ شہریوں کے لیے گھروں سے باہر نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ایک مقامی شہری نے کہا کہ علاقے کی گلیوں سے گزرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے کیونکہ آوارہ کتوں کے گروہ لوگوں میں خوف پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص اسکول جانے والے بچوں اور نماز کے لیے مساجد کا رخ کرنے والے بزرگوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ان کی روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کیا ہے اور متعدد افراد خاص طور پر علی الصبح اور شام کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل تلاش کیا جائے تاکہ علاقے میں بچوں، بزرگوں اور عام راہگیروں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنائی جا سکے۔لوگوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے انسانی اور مو ¿ثر طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہیے، جبکہ بچوں اور بزرگ شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ امرگڑھ اور ملحقہ علاقوں میں فوری طور پر اقدامات اٹھا کر لوگوں کو اس بڑھتے ہوئے مسئلے سے نجات دلائی جائے۔