سوربھ بھگت نے یوٹی یوم تاسیس ، راشٹریہ ایکتا دیوس کی تقریبات او رپلوامہ میں عوامی دربار کی صدارت کی

پلوامہ//کمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوربھ بھگت نے یو ٹی کے یوم تاسیس اور راشٹریہ ایکتا دیوس کی تقریب کی صدارت کرنے کے علاوہ ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔کمشنر سیکرٹری نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں اچگوز میں ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر 55 لاکھ روپے کی لاگت سے اور واکھروان میں 52 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی دو منزلہ عمارت شامل ہے۔ اُنہوں نے بنورہ میں 4.30 کروڑ روپے کی واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس سے 6500 افراد کی آبادی مستفید ہو گی۔انہوں نے ایک کمپنڈیم اوراین ایچ ایم کی تشخیصی رپورٹ بھی جاری کی جو ضلع کی ترقی اورہیلتھ کیئر کے اقدامات کے بارے میں قابل قدر معلومات فراہم کرے گی۔اس موقعہ پر ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔عوامی دربار کو معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے زبردست ردعمل ملا۔مقامی باشندوں اور کمیونٹی ممبران کو کمشنر سیکرٹری کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقعہ ملا، اپنے خدشات اور مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے، ازالے کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔سوربھ بھگت نے عوام کی خدمت اور عوامی خدمت میں شفافیت، جوابدہی اور دیانتداری کو فروغ دینے کے تئیں حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ یہ تقریب مقامی باشندوں کیلئے سرکاری افسران سے براہ راست بات چیت کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مناسب طریقے سے غور کیا جائے گا۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ ترقی پسند جموں و کشمیر کے یوم تاسیس اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقعہ پر ہم گذشتہ چاربرسوں میں حاصل کی گئی قابل ذکر پیش رفت کا جشن مناتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ ضلع مختلف اِشاریوں میں سب سے آگے ہے جو ضلع اِنتظامیہ اور کمیونٹی کی لگن اور محنت کو ظاہر کرتا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ان چاربرسوںمیں جموں و کشمیر میں جو تبدیلی آئی ہے وہ ہمیں ملک کے سرفہرست خطوں میں شمار کرتی ہے۔سوربھ بھگت نے پی آر آئی ممبروں کے ساتھ بھی اہم بات چیت کی ، جس میں ڈی ڈی سی ممبران اور بی ڈی سی کے چیئرپرسن شامل تھے اور ان کی قیمتی رائے اورمعلومات حاصل کیں۔اس تعامل نے حکومت کے جامع طرز حکمرانی کے عزم کو مزید تقویت بخشی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں مقامی نمائندوں کی آوازیں سنی جائیں اور ان پر غور کیا جائے۔کمشنرسیکرٹری نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ ان سٹالوں نے متعلقہ محکموں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور سرگرمیوں کی نمائش کی۔سوربھ بھگت نے رشوت سے نمٹنے کے لئے ویجی لنس ہفتہ 2023 کے دوران منعقدہ سا لمیت کے عہد کی تقریب میں بھی شرکت کی۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے گذشتہ چار برسوں میں ضلع کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ضلع کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا ایک جائزہ پیش کیا۔پلوامہ میں عوامی دربار اور شکایات ازالے کیمپ عوام کی خدمت کرنے اور عوامی خدمت میں شفافیت، جوابدہی اور دیانتداری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتا ہے ۔