نئی دہلی // کمشنر سکریٹری، سائنس اور ٹیکنالوجی، سوربھ بھگت نے نیشنل سائنس سینٹر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ جموںاو ر سری نگر میں ریجنل سائنس سینٹروں کے قیام کے سلسلے میں طلب کی جوکہ نیشنل کونسل فار سائنس میوزیم ( این سی ایس ایم ) کی مرکزی وزارتِ ثقافت کی اِکائی ہے ۔میٹنگ میں ڈائریکٹر این رام داس ائیر، کنسلٹنٹ ڈاکٹر وِجے شنکر ، سینٹر ٹیکنیکل آفیسر نیشنل سائنس سینٹر ڈاکٹر راکیش موہن سنگھ ،جوائنٹ ڈائریکٹر جے کے ایس ٹی اینڈ آئی سی سنجے کھارو اور سینٹر کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں مختلف اَمور بالخصوص سری نگر سینٹر میں قائم کئے جانے والے موضوعات پر غور کیا گیا۔سوربھ بھگت نے سری نگر سینٹر میں ایسے موضوعات کو شامل کرنے پر زور دیا جو وادی کشمیر کی اہمیت کو اُجاگر کریں گے۔اُنہوں نے جموں سینٹر کے لئے اَراضی کی نشاندہی پر تبادلہ خیال کیا اور این سی ایس ایم کو یقین دِلایا کہ حال ہی میں جموںمیں 100 کنال اَراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور وقت آنے پر مزید جگہوں کی نشاندہی کی جائے گی۔کمشنر سیکرٹری نے سائنس سینٹر کی تعمیر کے بارے میں اِنکشاف کیا کہ کام مارچ 2023ء کے آخیر تک شروع ہوجائے گا تاہم زمین کی ترقی اور دیگر طریقوں کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ جموں وکشمیر نے مکمل کیا ہے۔دورانِ میٹنگ محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جے اینڈ کے گورنمنٹ اور این سی ایس ایم کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر بھی دستخط کئے گئے۔










