سری نگر//کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین سوربھ بھگت نے آج ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سینئر اَفسروں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر بھرمیں اہم ڈیجیٹل گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ اِی آفس 2.0کی عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سیکرٹری نے سرکاری دفاتر میں ڈیجیٹل ورک فلو کو مکمل طور پر اَپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوامی اِنتظامیہ میں کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ اَفسران کو پلیٹ فارم کے مؤثر اِستعمال کو یقینی بنانے اور ڈیجیٹل گورننس کے طریقوں کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دِی۔میٹنگ میں یونین ٹیریٹری میں ٹیلی کام کنکٹویٹی اور اس سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تبادلٔ خیال کے دوران ڈیجیٹل رابطے کو بہتر بنانے، ٹیلی کام منصوبوں کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے اور بین محکمہ جاتی رابطہ کاری سے متعلق مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنروں اور متعلقہ محکموں کوزیراِلتوأ معاملات کو جلد نمٹانے اور جاری منصوبوں کی بروقت پیش رفت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔کامن سروس سینٹروں( سی ایس سیز) اور دیگر عوامی خدمات فراہم کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں خدمات کی آخری سطح تک مؤثر فراہمی، دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل سہولیات کی رَسائی بڑھانے اور شہری خدمات کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔کمشنر سیکرٹری نے آدھار سے متعلق خدمات کی فراہمی کے مسائل کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ شراکت داروںکو شہریوں کے لئے آدھار پر مبنی خدمات تک بغیر کسی رُکاوٹ کے رسائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے آپریشنل مسائل کے بروقت حل، عمل آوری ایجنسیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ میں آئندہ شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سیکرٹری نے یاترا کے پُرامن اور احسن انعقاد کے لئے مضبوط ڈیجیٹل معاونتی نظام، مؤثر شکایات ازالہ میکانزم اور مختلف محکموں کے درمیان قریبی رابطے کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ یاتریوں کو بغیر کسی دشواری کے خدمات فراہم کی جا سکیں۔سوربھ بھگت نے شہریوں پر مبنی اور ٹیکنالوجی سے تقویت یافتہ طرزِ حکمرانی پر زور دیتے ہوئے تمام شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ نظم و نسق کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور حکومتی اقدامات کے فوائد لوگوں تک مؤثر، شفاف اور بروقت پہنچنے کو یقینی بنانے کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں۔میٹنگ میں محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ضلعی اِنتظامیہ،جے کے ای جی اے، این آئی سی ،ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والے، سی ایس سی ای گورننس سروسز انڈیا لمیٹڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










