حملے کے بعد جموں خطے میں الرٹ جاری ، حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع
سرینگر // جموں کے سنجوان علاقے میں فوجی کیمپ پر ملی ٹنٹ حملے میں ایک فوجی اہلکار ازجاں ہو گیا ہے ۔ ادھر کیمپ پر حملے کے بعد جموں خطے میں الرٹ جاری کیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے سنجوان علاقے میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں قائم فوجی کیمپ پر ملی ٹنٹوں نے حملہ کرکے فائرنگ کی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق سوموار کی صبح ملی ٹنٹوںنے سنجوان فوجی بیس کیمپ پر حملہ کیا جس کے جواب میں فوجی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی اور گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ واقعہ کے ساتھ وہاں سیکورٹی فورسز الرٹ ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر از جاں ہو گیا۔ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ واقعہ کے ساتھ ہی وہاں سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک روانہ کی گئی اور پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی خاموشی چھا گئی جس کے بعد آپریشن وسیع کر دیا گیا اور علاقے میں چھپے بیٹھے ملی ٹنٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے اضافی کمک طلب کر لی گئی جبکہ ساتھ ہی ڈرون خدمات بھی استعمال کی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنجیوان میں مسلح ملی ٹنٹوں نے فوجی بیس کیمپ کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی جس دوران ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ زخمی فوجی اہلکار کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان وہ زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ بیٹھا ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔










