Full Dress Rehearsal held at Srinagar

سری نگر سمیت وادی کے مختلف اَضلاع میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد

صوبائی کمشنر نے ایس کے سٹیڈیم میں قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی

سری نگر//15 ؍اگست 2022 کو منائے جانے والے 76 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں آج سری نگر سمیت وادی کے مختلف اَضلاع میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا۔جس دوران قومی پرچم کی نقاب کشائی کی گئی جب کہ جموں و کشمیر پولیس، جموں و کشمیر آرمڈ پولیس، انڈین ریزرو پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، ایس ایس بی، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی اور این سی سی دستوں نے مارچ پاسٹ میں شرکت کی اور تقریب کے اَحسن انعقاد کویقینی بنایا۔فُل ڈریس ریہرسل 15 ؍اگست کو ہونے والی یوم آزادی کی پریڈ کا پیش خیمہ ہے ۔
سری نگر میںایس کے کرکٹ سٹیڈیم سونہ وار میں آج صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے کی صدارت میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا ۔صوبائی کمشنر نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اورمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لینے والے دستوں میں پولیس ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، پولیس کی خاتون دستہ ، آئی آر پی ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، فارسٹ پروٹیکشن فورس ، پائپ اینڈ بینڈ دستے ، این سی سی اور ضلع سری نگر کے 14 سکولوں کے طلباء دستے شامل تھے۔ سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ نے پہلی بار پریڈ میں شرکت کی۔اِس دوران کلچر اکیڈیمی کے فن کاروں اور دیگر گروپوں کے علاوہ طلباء نے حب الوطنی کے گیت اور مقامی مقبول گیتوں اور رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہوں نے حاضرین کو محظوظ کیا اور زبردست تالیاں بجائیں۔فُل ڈریس ریہر سل تقریب میں دیگر اَفراد کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد ، سینئر پولیس اَفسران ، تمام لائن ڈیپارٹمنٹوں کے سربراہان ، طلباء ، میڈیا اَفراد کے علاوہ سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اَفسران موجود تھے۔
اننت ناگ میںیوم آزادی کی فُل ڈریس ریہرسل کے موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ غلام حسن شیخ نے آج قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیااور سی آر پی ایف ، جموںوکشمیر پولیس ، ہوم گارڈز ، این سی سی اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے یہاں جی ڈی سی بوائز کھنہ بل میں پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( اے ڈی سی )نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مختلف ترجیحی شعبوں کے تحت ضلع کی طرف سے کی گئی کوششوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں تعلیم ، ہیلتھ کیئر ، پسماندگی ، بیک ٹو وِلیج ، ضلع کیپکس ،زراعت اور اس سے منسلک شعبے ، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے ، منریگا ، جے جے ایم ، پانی اور بجلی کی فراہمی، آنگن واڑی مراکز اور سکولوں ، دیہی ترقی ، میکڈیمائزیشن اور سڑک رابطے ، سماجی بہبود ، نشا مکت بھارت ، صنعت خود روزگار اور دیرپا اثاثوں کی تخلیق شامل ہیں۔اُنہوں نے شری اَمرناتھ جی یاترا 2022ء کے دوران عوام کی بھرپور تعاون کے لئے ان کا شکریہ بھی اَدا کیا۔ اِس موقعہ پر ’’ ہر گھر ترنگا ‘‘ جیسے فلیگ شپ پروگراموں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اِس موقعہ پر سکولوں کے طلباء اور محکمہ اطلاعات کے فن کاروں نے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ل ڈریس ریہر سل کے دوران دیگر اَفراد کے علاوہ اے ڈی ڈی سی ، ایس پی ، اے ڈی سی (جی ) ، سی اِی او ، سی ایم او ، اے سی ڈی ، اے سی پی ، اے سی آر ، اِنجینئر آر اینڈ بی، اے آر ٹی او ، تحصیل دار اننت ناگ ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اَفسران عام لوگ موجود تھے۔
بارہمولہ میں یوم آزادی کی تقریبات 2022 ء سے پہلے آج یہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی ) بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میںترنگا لہرایا،پریڈ کا معائینہ کیااورجے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف، ایس ایس بی ، ہوم گارڈ کے دستوں اور مختلف سکولوں کے طلباء کے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اے ڈی ڈی سی نے پنڈال میں قومی تقریب کو بغیر کسی پریشانی کے منانے کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اے ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں یوم آزادی کے جشن کی اہمیت کی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اِس برس یوم آزادی ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے طور پر منایا جارہا ہے جو ترقی پسند ہندوستان کے 75 سال کو منانے اور اس کی یاد منانے کے لئے مرکزی حکومت کی ایک پہل ہے۔اُنہوں نے ضلع میں مختلف محکموں کی طر فسے رجسٹرڈ مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور رواں مالی برس کے دوران مختلف فلاحی سکیموں کے تحت حصولیابیوں اور کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔اِس کے علاوہ طلباء اور معروف فن کاروں کی جانب سے فل ڈریس ریہر سل کے ایک حصے کے طور پر رنگا رنگ ثقافتی اشیاء اور تھیم پر مبنی سکٹس پیش کئے گئے۔
بڈگام میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں آج یہاں فل ڈریس ریہرسل سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی ) بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جسے جے کے پی ، جے کے آئی پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ ، این سی سی اور سکولی دستوں نے پیش کیا۔اے ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں شہدأ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ہندوستان کی آزادی کے لئے آزادی پسندوں کے کردار اور قربانیوں پر روشنی دالی۔ اِس موقعہ پر فن کاروں اور سکولی بچوں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ اسی طرح کی ریہرسل تقریب تمام ایس ڈی ایم اور تحصیل صدر مقامات پر بھی منعقد کی گئی۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اے ایس پی، تمام متعلقہ ڈی وائی ایس پیز، ضلعی اورسیکٹورل افسران اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔
گاندربل یوم آزادی کے سلسلے میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد آج قمریہ گراؤنڈ گاندربل میں کیا گیا جہاں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے ترنگا لہرایا اورپریڈ کا معائینہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، آئی ٹی بی پی ، پی ٹی ایس منیگام ، ایس پی او گاندربل ، ضلع پولیس کے دستوں ،ہوم گارڈ ، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلباء کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پنڈال میں قومی تقریب کو بغیر کسی پریشانی کے منانے کے لئے مختلف محکمون کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا۔اَپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے 76 ویں یوم آزادی کی تیاریوں میں مصروف تمام محکموں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ کے تحت مختلف سرگرمیاں زوروشور سے جاری ہیں جس میں ہر شعبہ زندگی کے لوگ جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں تاکہ ترقی پسند ہندوستان کے 75 سال کی یاد منائی جاسکے۔اِس کے علاوہ طلباء کی جانب سے فل ڈریس ریہر سل کے ایک حصے کے طور پر رنگا رنگ ثقافتی اور تھیم پرمبنی سکٹس پیش کئے گئے۔تقریب میں اے ڈی ڈی سی خورشید احمد شاہ، اے ڈی سی فاروق احمد بابا ، اے ایس پی فیروز یحییٰ ، سی پی او ، اے سی آر کے علاوہ مختلف سول اور پولیس اَفسران نے شرکت کی۔
پلوامہ میںیوم آزادی کی فل ڈریس ریہرسل آج یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر( اے ڈی ڈی سی )ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی جس میں سی آر پی ایف ، ڈسٹرکٹ پولیس ، جے کے پی خواتین وِنگ ، ہوم گارڈ اور مختلف تعلیمی اِداروں سے تعلق رکھنے والے سکولی بچوں کے دستے شامل تھے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے ضلع کے مختلف ترقیاتی کاموں اور کامیابیوں بالخصوص ضلع میں ایمز اور آئئی یو ایس ٹی کے قیام پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے کہا کہ پلوامہ زعفران کی پیداوار میں اوّل ہے جو کہ ضلع میں کاشت کی جانے والی ایک عالمی مشہور فصل ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع معاشی طورپر متحرک اور مختلف مصنوعات میں خود کفیل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔اِس موقعہ پر مقامی فن کاروں نے ثقافتی پروگرام ، حب الوطنی کے نغمے اور خاکے پیش کئے ۔ تاہم محکمہ اطلاعات اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے فن کاروں نے بھی حب الوطنی کے گیتوں سے سامعین کو مسحور کیا۔اِس موقعہ پر پولیس او رسول اِنتظامیہ کے اعلیٰ افسران ، سکولی بچے اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔اِسی طرح کی تقریب ڈی پی ایل اونتی پورہ میں بھی منعقد ہوئی جہاں اے ڈی سی اونتی پورہ ایم ظفر شال نے پرچم کشائی کی اور جے کے اے پی ، جے کے پی ، سی آر پی ایف ، این سی سی کیڈٹس اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔
شوپیاں میںیوم آزادی 2022 ء کی تقریبات کی فل ڈریس ریہرسل آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز( ڈی پی ایل) شوپیاں میں منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( اے ڈی سی ) شوپیان مشتاق احمد سمنانی نے قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف، جے کے پی ، فارسٹ پروٹیکشن پولیس ، فائر اینڈ ایمرجنسی ، ہوم گارڈ اور مختلف سکولوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔اے ڈی سی نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد قوم نے ترقی کے ہر میدان میں کامیابی کے اعلیٰ اہداف حاصل کئے ہیں۔ اُنہوں نے مختلف منصوبوں کو فہرست میں شامل کیا جو ضلع میں مختلف شعبون میں چلائے گئے تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع نے صحت ، تعلیم ، آر اینڈ بی ، جے جے ایم ، کے ی ڈی سی ایل ، آر ڈی ڈی وغیرہ کے متعدد محاذوں پر شاندار کامیابیاں درج کی ہیں۔
اے ڈی سی نے ترقی کے لئے اَمن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شوپیاں ضلع بھائی چارے کی ایک روشن مثال ہے جہاں مختلف عقائد اور برادریوں کے لوگ پُر امن طور پر ایک ساتھ رہتے ہیں۔اِس موقعہ پر مختلف تعلیمی اَداروں کے سکولی بچوں نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے ۔ اِس موقعہ پر دیگر اَفراد کے علاوہ سول ، انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ اَفسران بھی وموجود تھے۔
کولگام میں76ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں ایک فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر( اے ڈی ڈی سی )کولگام ریاض احمد صوفی نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور جموںوکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف ، خواتین پولیس ، ہوم گارڈ ، پولیس بینڈ کے دستوں، سکولوں اور دیگر دستوں کے طلباء کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے لوگوں کو مبارک باد دی اور ضلع کے ترقیاتی منظر نامے اور ضلع میں مختلف سکیموں اور شعبوں کے تحت درج کی گئی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر مقامی فن کاروں کی جانب سے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی شوکت احمد راتھر ، اے ایس پی ماجد حسین اور سول و پولیس انتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس کے علاوہ صدر میونسپل کونسل کولگام ، پی آر آئی ممبران ، طلباء اور ضلع کے مختلف علاقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔
کپواڑہ میں یوم آزادی 2022 ء کی فُل ڈریس ریہرسل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) غلام نبی بٹ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور جے کے پی ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، ایف پی پی ، جے کے ہوم گارڈز، پولیس کمانڈوز اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر اے ایس پی کپواڑہ ، اے سی ڈی اے سی پی ، سی اِی او ، سی ایم او ، ڈی وائی ایس اینڈ ایس او اور ڈی آئی او کے علاوہ ضلع کے اَفسران اور اہلکار موجو دتھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی نے 76 ویں یوم آزادی کے موقعہ پر حاضرین کو مبارک باد دی۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ہمہ گیر ترقی کے لئے پُر عزم ہے اور ترقیاتی سرگرمیوں اور کامیابیوں کو فہرست میں شامل کر کے رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ رواں برس کے لئے 1598 کروڑ روپے کا کیپکس بجٹ منظور کیا گیا ہے جو گذشتہ برس کے بجٹ سے دوگنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیہی لوگوں کی خوشحالی کے لئے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی خاطر رواں مالی برس کے دوران ائیریا ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت 105.72 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔غلام نبی بٹ نے کہا کہ ضلع کپواڑہ ایک اسپریشنل ڈسٹرکٹ ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ نیتی آیوگ نے اس سال ضلع کو اضافی 3 کروڑ روپے دیے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے محکمہ صحت کو ضلع میں ٹی بی کے خاتمے میں بہترین کام کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بنگس ایک غیر دریافت شدہ سیاحتی مقام کے طور پر ترقی کر رہا ہے جہاں اس برس تقریباً 10,000 سیاحوں کی آمد ہوئی ہے۔اس سے قبل اپنی آمد پر اے ڈی سی نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور گل دائرے چڑھائے۔بعد میں اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلباء کی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ لیزیم، ماس پی ٹی اور ہیومن پیرامڈ بھی پیش کئے گئے۔ہندواڑہ، کرناہ اور سوگام سب ڈویڑنوں میں بھی فل ڈریس ریہرسل کی تقریب منعقد کی گئی۔ڈی پی ایل ہندواڑہ میں اے ڈی سی ہندواڑہ نذیر احمد میر نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ اس موقعہ پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔کرناہ میں ایس ڈی ایم ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ اس موقعہ پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔
بانڈی پورہ میں 76ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاںایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی ) افسر علی خان آج قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں سی آر پی ایف کی تیسری بٹالین ، جے اینڈ کے ایگزیکٹیو پولیس ، جے اینڈ کے آئی آر پی ، جے اینڈ کے فائر اینڈ ایمرجنسی ، ایس پی اوز ، ہوم گارڈ ، این سی سی ، مختلف سکولوں کے طلباء اور پولیس بینڈ گروپ شامل تھے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے ضلع بھر میں ترنگا ریلیوں کے تمام شرکأ اور منتظمین کو سراہا اور مبارک باد دی ۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ اَفراد کی کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے شری اَمرناتھ جی یاترا کی کامیاب اور پُر امن تکمیل میں اَپنا کردار اَدا کیا۔اِس موقعہ پر مختلف سکولوں کی جانب سے حب الوطنی ، ثقافت اور قومی ترانے کا پیغام پیش کرنے والے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔فل ڈریس ریہر سل دیکھنے کے لئے ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد، اے ڈی سی بانڈی پورہ وسیم راجا، اے ایس پی بانڈی پورہ عاشق حسین ٹاک، اے سی آر بانڈی پورہ پرویز رحیم، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد اور مختلف محکموں کے سربراہان، ضلعی افسران کے ساتھ اعلیٰ افسران موجود تھے۔عام لوگوں کے علاوہ ایس کے سٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل تقریب کے دوران چیئرمین ایم سی بانڈی پورہ بھی موجود تھے۔منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں فل ڈریس ریہرسل کی تقریب بھی منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ وسیم راجا نے پرچم کشائی کی۔سب ڈویڑن سنبل اور گریز میں تقریبات کے علاوہ ضلع کے تمام بلاکوںمیں فل ڈریس ریہرسل کی تقریب بھی دیکھی گئی۔