7942کروڑ روپے مالیت کے جامع منصوبے کوحتمی شکل ،مرکزی وزار ت کوروانہ
سری نگر//جموں وکشمیر کی حکومت نے سری نگراور جموں شہر میں ’ محفوظ، قابل بھروسہ، آسان اور پائیدار پبلک ٹرانسپورٹ نظام ‘کویقینی بنانے کیلئے 7942 کروڑ روپے مالیت کاایک جامع منصوبے کوحتمی شکل دیکر اسکو غوروخوض ومنظوری کیلئے مرکزی وزارت برائے ہائوسنگ اورشہری امور کو بھیج دیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایاکہ اس منصوبے کے تحت سری نگر اور جموں کے جڑواں شہروں کیلئے بالترتیب25کلومیٹر اور23کلو میٹر بلندمیٹرئو لائٹ راہداری نظام قائم کیاجائے گا۔سری نگرمیں اس کام پر آنے والے اخراجات کا تخمینہ 4352کروڑ روپے اورجموں شہر کیلئے 3590 کروڑ روپے لگایاگیا ہے ،اور یوںلاگت کاکل تخمینہ 7942کروڑ روپے ہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ لائٹ میٹرئو ٹرانزٹ سسٹم کے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ DPRکو حتمی شکل دی گئی اور اسے وزارت ہاؤسنگ اور شہری امور کو پیش کر دیا گیا ہے۔انہوںنے مزید بتایاکہ جموں اور سری نگر شہروں میں آئی ٹی ایم ایس (انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم) کے تحت بالترتیب 66اور64 جنکشن پر کام مکمل کیاگیا ہے ،اور مارچ2025میں ان سبھی جنکشنوں کاآغاز کیاجائے گا۔ذرائع کاساتھ ہی کہناتھاکہ سری نگر اورجموں کے جڑواں شہروں کیلئے بالترتیب25کلومیٹر اور23کلومیٹر بلندمیٹرئو لائٹ راہداری نظام قائم کیاجائے گا۔انہوںنے بتایاکہ جموںشہرمیں بننے والی23کلومیٹر راہداری پربنتالاب سے بری برہمنہ ریلوے اسٹیشن تک کل 22اسٹیشن ہونگے جبکہ سری نگرشہر میں لائٹ میٹرئو ٹرانزٹ سسٹم کے تحت اندرانگر تا ایچ ایم ٹی کے 12.5کلومیٹر راہداری پر12اورعثمان آباد سے حضوری باغ تک کے باقی 12.5کلومیٹر راہداری پر12اسٹیشن ہونگے ۔










