محنت کشوں کاعالمی دن ،EJCCاور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکی مشترکہ تقریب

سرکردہ اردو افسانہ نگار نور شاہ کی اہلیہ محترمہ کا انتقال

مختلف سماجی، ادبی، علمی، لسانی اور فلاحی تنظیموں و انجمنوں اور شخصیات کا اظہار رنج

سری نگر//مختلف سماجی، ادبی، علمی، لسانی اور فلاحی تنظیموں و انجمنوں اور شخصیات نے بزرگ قلمکار اور سرکردہ اردو افسانہ نگار نور شاہ کی اہلیہ محترمہ کی رحلت پر رنج و غم اور دکھ و تعزیت ظاہر کرتے ہوئے نور شاہ اور سوگوار خاندان کے ساتھ اظہارِ تعزیت اور مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق نور شاہ صاحب کہ اہلیہ سنیچر کی شام انتقال کرگئیں اور انہیں دوران شب مقبرہ گوری پورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کے انتقال کے سلسلے میں ان کے گھر لل دید کالونی میں تین دن تک تعزیت پرسی جاری رہے گی۔ اردو اکادمی جموں کشمیر کے کئی بانی و بنیادی ارکان نے اہلیہ نور شاہ کے رحمت حق ہونے پر تعزیت جتلائی ہے اور مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی ہے۔ یاد رہے کہ نور شاہ اکادمی کے صدر تھے۔ ان بانی و بنیادی ارکان نے شاہ صاحب کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رنج و غم کی اس گھڑ ی میں وہ سب نور شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں کہ آللہ تعالیٰ نور شاہ کو نصف دہائی تک ساتھ نبھانے والے شریک سفر کی جدائی کا غم سہنے کی ہمت و قوت بخشے۔ جموں کشمیر اردو کونسل نے بھی معروف اردو محرر نور شاہ کی شریک حیات کے انتقال پر شاہ صاحب اورغم زدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ کونسل کے سیکریٹری اطلاعات جاوید کرمانی کے مطابق صدر کونسل ایڈوکیٹ اے آ ر ہانجورہ اور سیکرٹری جنرل جاوید ماٹجی نے ایک مشترکہ بیان میں اردو زبان و ادب کے کہنہ مشق کارکن اور افسانہ نگار نور شاہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر کے جس پڑاؤ پر نور شاہ کھڑے ہیں وہاں زندگی بھر کے ساتھی کا بچھڑ جانا کسی صدمہ جانکاہ سے کم نہیں۔ البتہ موت و حیات کے اوقات متعین ہیں لہذا ایسے مواقع پر تعزیت اور ہمدردی کے الفاظ باعث تسکین ثابت ہوتے ہیں۔ بیان میں نور شاہ جو کہ اردو کونسل کے سینئر ممبر ہیں کے علاؤہ ان کی اولاد سے بھی تعزیت ظاہر کی گئی ہے۔بیان کے مطابق کونسل کے سبھی ممبران اور ارکان دکھ کے اس مرحلے پر نور شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیر بک پرموشن ٹرسٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں معروف افسانہ نگار نور شاہ کی اہلیہ محترمہ کے رحمت حق ہونے کو نور شاہ کی زندگی کا سب سے بڑا سانحہ بتاتے ہوئے ان کے ساتھ تعزیت اورمرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی گئی ہے۔ بیان می۔ کہا گیا ہے کہ شبیر احمد ماٹجی کی قیادت میں ٹرسٹ کے ایک وفد نے لل دید کالونی جاکر نور شاہ اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ بیان میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔ ادھر انجمن فروغ علم و ادب سرینگر نے بھی نور شاہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کی ہے۔ اراکین انجمن کی طرف سے سیکرٹری جنرل صوفی علی محمد نے نور شاہ کو تعزیت پیش کی۔ دوسری جانب اقبال ہائی اسکول صورہ کی انتظامیہ اور پرنسپل کی طرف سے بھی نور شاہ صاحب کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ اسکول انتظامیہ کے ایک بیان کے مطابق شاہ صاحب اقبال اسکول کے ا چھے خاصے خیر خواہوں میں سے ہیں۔ اور انتظامیہ نور شاہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنے والوں میں شامل ہے۔