ستیش شرما نے گولہ باری سے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا

ستیش شرما نے گولہ باری سے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا

جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرما نے آج حالیہ سرحد پار شیلنگ سے متاثرہ متعدد دیہاتوں کا دورہ کیا تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے اور متاثرہ کنبوں کو مدد فراہم کی جا سکے۔ دورے کے دوران وزیر موصوف نے اِن رہائشیوںسے ملاقات کی جن کے مکانات اور ذریعہ معاش بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اِبتدائی جائزے کے مطابق متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں رہائشی ڈھانچے کو نقصان اور مویشیوں کا ضیاع شامل ہے۔وزیر نے جن دیہات کا دورہ کیا ان میں کوٹ مائزہ، چھپریال، پہاڑی والا، پنج توت، نرائنا، ڈھلیری اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں۔ستیش شرما نے صورتحال پر گہری تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کو یقین دِلایا کہ حکومت اِس مشکل وقت میں اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔ اُنہوں نے مقامی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ اِمدادی اور بحالی کے اَقدامات میں تیزی لائی جائے تاکہ متاثرین کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارے شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ ہم متاثرہ کنبوںکو فوری ریلیف اور طویل مدتی مدد فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کریں گے۔‘‘وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ اِنتظامیہ نقصانات کا مکمل جائزہ لینے کے لئے تفصیلی سروے کر رہی ہے اور جلد ہی معاوضے اور اِمدادی پیکیجوں کے حوالے سے مزید اعلانات کئے جائیں گے۔