منشیات کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور ، پنجاب کے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ او روِلیج ڈیفنس کمیٹی کا ماڈل زیر غور
چندی گڈھ//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین،اِنفارمیشن ٹیکنالوجی،اَمورِ نوجوان و کھیل کود، سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے مٹن ڈیلروں کو درپیش دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج حکومت پنجاب کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگوںکا ایک سلسلہ منعقد کیا جس کے نتیجے میں تجارتی کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔وزیر نے پنجاب کے وزیر برائے بھیڑ و پشو پالن، پنجاب کے چیف سیکرٹری، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔میٹنگوں کا بنیادی مقصد مٹن ڈیلروں کو درپیش مسائل کا فوری اور عملی حل تلاش کرنا تھا جن کے باعث تاجروں کو مشکلات پیش آ رہی تھیں اور مویشیوں کی ٹرانسپورٹیشن متاثر ہو رہی تھی۔ستیش شرما نے طویل مشاورت کے دوران مٹن ڈیلروںکے مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ جموں و کشمیر اور پنجاب کی حکومتیں باہمی تعاون سے ایسا نظام وضع کریں جس کے ذریعے تمام ریگولیٹری تقاضوں کی پابندی کے ساتھ مویشیوں کی بلا رکاوٹ ٹرانسپورٹیشن ممکن بنائی جا سکے۔ وزیر کی مداخلت پر مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ مسائل کے فوری حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ میٹنگوں کے دوران لئے گئے فیصلوں سے مٹن ڈیلروں کو درپیش مشکلات کو نمایاں طور پر کم کرنے اور دونوں ریاستوں کے درمیان ہموار تال میل کو یقینی بنانے کی اُمید ہے۔
ستیش شرما نے میٹنگوں کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے س کہا کہ تاجروں کے مفادات کا تحفظ اور ضروری اشیأ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے مثبت ردِّعمل ہزاروں لوگوں کے ذریعہ معاش کو متاثر کرنے والے مسائل کے حل میں تعاون پر مبنی وفاقیت اور بین ریاستی ہم آہنگی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔میٹنگوں میں مویشی پالنے کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ دونوں فریقوں نے مویشیوں کے بہتر انتظام، بیماریوں پر قابو پانے، سائنسی افزائش نسل اور ویٹرنری خدمات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔وزیر نے سینئر حکام کے ساتھ الگ الگ بات چیت میں سائنس و ٹیکنالوجی، اختراع، ڈیجیٹل گورننس اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اوردیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لئے ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔وزیرموصوف نے حکومت پنجاب کا بروقت تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مٹن ڈیلروں کو یقین دِلایا کہ جموں و کشمیر حکومت تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان کے جائز مسائل کے بروقت حل کے لئے کام جاری رکھے گی۔










