ستیش شرما نے مشریوالہ میںپر گوال کے بے گھر اَفراد سے ملاقات کی

ستیش شرما نے مشریوالہ میںپر گوال کے بے گھر اَفراد سے ملاقات کی

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے آج مشریوالہ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں حالیہ سرحد پار گولہ باری کے بعد پرگوال سیکٹر اور دیگر متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعددکنبوں نے پناہ لی ہے۔گولہ باری کے باعث سرحدی علاقوں کے لوگ اَپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے جس کے بعد اِنتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اُنہیں مشریوالہ میں بسایا۔وزیر موصوف نے دورے کے دوران متاثرہ اَفراد سے ملاقات کی، اُن کے مسائل سنے اور کیمپ میں فراہم کی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے بے گھرکنبوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اِظہار کیا اور یقین دِلایا کہ حکومت اس مشکل وقت میں اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’ہر شہری کی سلامتی اور وقار ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ سرحد پار تشدد سے متاثرہ اَفراد کو کسی مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔‘‘ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ پناہ گاہ، خوراک، پینے کا صاف پانی، طبی اِمداد اور صفائی ستھرائی کی تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔ستیش شرما نے کیمپ میں جاری اِمدادی سرگرمیوں اور اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ باقاعدگی سے صحت معائینے، صفائی ستھرائی کا خیال اور ضروری اشیأ کی بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد سے کہا کہ وہ بچوں، بزرگوں اور خواتین پر خصوصی توجہ دیں تاکہ اُن کی مخصوص ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔اُنہوںنے ضلعی اِنتظامیہ، سیکورٹی فورسز اور سول سوسائٹی کے رضاکاروں کی فوری کارروائی اور خدمات کو سراہا جو اس بحران میں متاثرہ اَفراد کی مدد اور اَمن و امان برقرار رکھنے کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ سرحدی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں کی حفاظت اور مزید نقصان سے بچاؤ کے لئے تمام ممکنہ سفارتی و اِنتظامی اَقداما ت کئے جارہے ہیں۔