ستیش شرما نے مائزہ مندریاں میں کلیدی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا

ستیش شرما نے مائزہ مندریاں میں کلیدی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا

نچلی سطح پر عوامی حکمرانی اور بہتر بنیادی ڈھانچے کے عزم کا اعادہ

جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، اِنفامیشن ٹیکنالوجی، امورِ نوجوانان و کھیل کود، سائنس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگ محکمہ جات ستیش شرما نے آج اکھنور کے بلاک مائرہ مندریاں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور اُنہوں نے عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نچلی سطح پر مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اہم منصوبوں میں نبارڈ آر آئی ڈِی ایف۔XXXI (2025-26) کے تحت گودھن۔ٹوپا سڑک کی تعمیر و اَپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔ اِس منصوبے کا مقصد سڑک رابطے کو بہتر بنانا، لوگوں اور اشیائے ضروریہ کی ٹرانسپورٹیشن کو آسان بنانا اور علاقے کے باشندوں کو بنیادی سہولیات تک بہتر رَسائی فراہم کرنا ہے۔وزیر موصوف نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد گودھن میں ایک عوامی میٹنگ کی صدارت کی اور اُنہوں نے وہاںمقامی باشندوں، عوامی نمائندوں اور مختلف محکموں کے اِفسران سے تفصیلی بات چیت کی۔میٹنگ میں ضلع اور مختلف شعبوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے تاکہ عوامی شکایات کا موقعہ پر ہی اَزالہ کیا جا سکے اورلوگوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے مضبوط عوامی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے پُرعزم ہے جو براہِ راست شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زوردیا کہ سڑکیں، عوامی سہولیات، تعلیم، صحت، کھیلوں کی سہولیات اور ڈیجیٹل اِنفراسٹرکچر جامع اوردیرپا ترقی کی بنیاد ہیں۔ستیش شرمانے کہا کہ حکمرانی کو لوگوں پر مرکوز اور جوابدہ رہنا چاہیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ شہریوں سے روبرو انتظامیہ کو مقامی ترجیحات سمجھنے اور بروقت مسائل کے حل میں مدد دیتا ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نچلی سطح کے اداروں کو مضبوط بنا کر اور ترقیاتی عمل میں عوامی شرکت کو فروغ دے کر حکمرانی کولوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ترقی تب ہی معنی خیز جب اس کے ثمرات ہر گاؤں اور ہر گھر تک پہنچیں۔ ہمارا مقصد صرف اثاثے تعمیر کرنا نہیں بلکہ بہتر بنیادی ڈھانچے، مؤثر عوامی خدمات اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے ذریعے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔‘‘وزیر موصوف نے کہا کہ اِنتظامیہ اور لوگوںکے درمیان مسلسل رابطہ شفاف حکمرانی اور فلاحی پروگراموں کے مؤثر عمل آوری کے لئے ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوںکے لئے ہر وقت دستیاب رہیں، حقیقی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوںنے جموں و کشمیر بھر میں ترقیاتی اقدامات کو مزید تیز کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دیہی رابطہ سڑکوں، عوامی سہولیات، نوجوانوں کی ترقی، ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی اور بہتر عوامی خدمات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ لوگوں کی توقعات پوری ہوں اورترقی کے فوائد خطے کے ہر کونے تک پہنچ سکیں۔اِس موقعہ پر مختلف عوامی وفود اور مقامی باشندوں نے سڑکوں، پینے کے پانی، بجلی، تعلیم، صحت اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق اَپنے مطالبات پیش کئے۔ وزیر نے ان مسائل کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار اور مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔اُنہوںنے لوگوں کو یقین دِلایا کہ حکومت عوامی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ طرزِ حکمرانی کو زیادہ شفاف، شراکت دار اور شہریوں پر مبنی بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ترقی کا عمل جامع، مؤثر اور نچلی سطح پر عوام کی ضروریات سے ہم آہنگ رہے۔