تین اضلاع میں 20سیکورٹی اہلکاروں اور 28ملی ٹنٹوں سمیت 55افراد ازجاں
سرینگر // سال رواں کے دوران بھی جموں کشمیر میں تشدد آمیز واقعات کے دوران تین اضلاع میں 20سیکورٹی اہلکار اور 28ملی ٹنٹ مارے گئے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق سال رواں کے دوران جہاں جموں کے پونچھ اور راجوری علاقے میں کافی مسلح تصادم آرائی ہوئی وہی اعداد و شمار کے مطابق امسال ابھی تک تشدد آمیز واقعات میں 20 سیکورٹی اہلکاروں اور 28 ملی ٹنٹوں سمیت 55 افراد مارے گئے۔اعد اد و شمار کے مطابق راجوری میں 10 ملی ٹنٹ اور 10 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 27 افراد، پونچھ ضلع میں 15 ملی ٹنٹوں اور 10 سیکورٹی اہلکار مارے گئے۔ ریاسی ضلع میں تین ملی ٹنٹ مارے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر ملی ٹنٹ سرحد کے اس طرف گھسنے کی کوشش کے دوران مارے گئے۔اس طرح سے اعداد و شمار کے مطابق اس سال یکم جنوری کو راجوری ڈنگری علاقے میں سات شہریوں کو قتل کیا گیا جبکہ اس سے قبل اکتوبر میں جنگلاتی علاقے میں ملی ٹنٹوں کے دو الگ الگ حملوں میں نو فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ 11 اکتوبر کو چمر میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) سمیت پانچ فوجی اہلکار مارے گئے، ایک جے سی او اور تین سپاہی 14 اکتوبر کو قریبی جنگل میں مارے گئے۔حکام نے کہا کہ انکاؤنٹر میں اضافہ سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے جموں خطے میں عسکریت پسندی کو بحال کرنے اور وادی کشمیر میں سرگرم ملی ٹنٹوں پر دباؤ کم کرنے کیلئے سرحد پار سے بار بار کی جانے والی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔










