زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کا پی ایم مودی کا خواب شکل اختیار کر رہا ہے ۔ کے وی آئی سی چیئرمین
پانپور ( پلوامہ ) //کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری کمیشن ( کے وی آئی سی ) کے چئیر مین منوج کمار نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روز گار فراہم کرنے کا خواب اپنی شکل اختیار کر رہا ہے ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے کے وی آئی سی کے پروڈکشن ۔ کم ۔ مارکیٹنگ ۔ کم ۔ ٹریننگ سینٹر ( پی ایم ٹی سی ) میں کشمیری کاریگروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے وی آئی سی کشمیری کاریگروں کو مارکیٹ اور نئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے اپنی تمام تر کوششیں کر رہا ہے تا کہ ان کی پیداوار کو عالمی سطح پر فروخت کیا جا سکے ۔ پی ایم ٹی سی کے اپنے پہلے دورے کے دوران چئیر مین کو بتایا گیا کہ اس مرکز نے اپنے قیام کے بعد سے ہی کشمیر میں شہد کی مکھیوں کے پالنے کو فروغ دینے کیلئے مختلف تجارتوں جیسے کٹنگ اور ٹیلرنگ ، کڑھائی ، خاص طور پر خواتین کیلئے کڑھائی اور شہد کی مکھیوں کے پالنے جیسے کورسز کی تربیت فراہم کی ہے ۔ اس موقع پر منوج کمار نے مٹی کے برتنوں کے کاریگروں کو 200 برقی کمہار کے پہیے اور کاغذی مشین کے کاریگروں کو 12 ہائیڈراپپاری مشینیں تقسیم کیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں کے کاریگروں میں اگربتی کی 40 مشینیں تقسیم کیں ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے کے وی آئی سی کے چئیر مین نے بتایا کہ ان کاریگروں نے پی ایم ٹی سی میں تربیت حاصل کی ہے اور یہ بہتر آلات انہیں اپنے کام میں مشقت کو کم کرنے میں مدد دیں گے اور انہیں خود انحصار بنائیں گے ۔ قبل ازیں منوج کمار نے مہاتما گاندھی پارک اور مہاتما گاندھی پویلین کا بھی افتتاح کیا ۔ چئیر مین نے تصویری نمائش کا بھی معائینہ کیا جس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی زندگی بشمول ان کی عدم تشدد کی جدوجہد کو دکھایا گیا تھا ۔ اس موقع پر موجود دیگر لوگوں میں ڈپٹی سی ای او ( نارتھ زون ) کے وی آئی سی جے کے گپتا ، ڈائریکٹر پبلسٹی کے وی آئی سی سنجیو پوسوال ، ریاستی ڈائریکٹر جے اینڈ کے کے وی آئی سی ایس پی کھنڈیلوال اور پرنسپل پی ایم ٹی سی کے وی آئی سی مامپور انیل کمار شرما شامل تھے ۔ کے وی آئی سی چئیر مین نے وادی کشمیر کے کھادی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بھی میٹنگ کی ۔










