ملوث افراد اور ان کے معاونین کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا: منوج سنہا
سری نگر// جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ریاسی میںملی ٹنٹوں کی جانب سے یاتری بس پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ یہاں افراتفری پھیلانے کی ایک ناپاک کوشش ہے۔یاد رہے کہ اتوار کی شام ایک یاتری بس پر مشتبہ ملی ٹنٹوں نے حملہ کیا جس میں 9یاتری ہلاک جبکہ3 درجن کے لگ بھگ زخمی ہو گئے۔ جے کے این ایس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے پیر کے روز جموں اور کٹرہ کے اسپتالوں کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ ایسی ناپاک کوششوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور اس حملے میں ملوث افراد اور ان کا ساتھ دینے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم مودی اورمرکزی وزیرامت شاہ بھی کل سے خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔یاد رہے کہ صوبہ جموں کے ضلع ریاسی میں اتوار کی شام یاتریوں سے بھری ایک بس پر ملی ٹنٹوںنے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔ بس میں سوار کم از کم 9افراد ہلاک جبکہ 30سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔










