پونچھ//لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے رہنما راہول گاندھی اور جموں و کشمیر یو ٹی کے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے آج پونچھ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حال ہی میں سرحد پار سے گولہ باری میں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ملاقات کی ۔ انہوں نے گولہ باری میں تباہ ہوئے گھروں کا بھی دورہ کیا اور نقصان کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے گولہ باری سے متاثرین کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ۔ انہوں نے گوردوارہ سنگھ سبھا ، جامع ضیاء العلوم ، سناتن دھرم سبھا اور کرسچن ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے معاشرے کے متنوع حصوں سے ملاقات کی اور گھروں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے اداروں کو پہنچے نقصان کا جائیزہ لیا ۔ پونچھ میں سرحد پار سے گولہ باری کی وجہ سے بے گناہ شہری بھی ہلاک ہو گئے تھے ۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر رانا نے کہا کہ مقامی لوگوں کو بے حد تکلیف اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سربراہی میں ہماری حکومت ان تمام گھرانوں تک پہنچنے کیلئے پرعزم ہے جنہیں نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ہم ان کے گھروں کی تعمیر نو میں مدد کیلئے راحت فراہم کرنے کے پابند ہیں ۔ حکومت نے پاکستانی گولہ باری میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ کیلئے 10 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے گولہ باری سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ۔










