ایل او سی پار سے گولہ باری میں متاثرین میں معاوضے کا بھی جائیزہ لیا
راجوری//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے سرحد پار سے گولہ باری سے پیدا شدہ صورتحال اور امدادی اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے راجوری کا دورہ کیا ۔ وزیر نے ضلعی افسران اور منتخب نمائندوں کی منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران مسٹر جاوید رانا نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگی بنیادوں پر کمیونٹی بنکروں کی شناخت اور تعمیر میں تیزی لائیں ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری نے سرحدی علاقوں میں بنکر تعمیر کرنے کے حوالے سے وزیر کو تفصیل سے بریف کیا ۔ وزیر نے متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت دی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں اور حساس علاقوں میں اسٹریٹجک بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے زمینی سطح کی تشخیص کی اہمیت پر زور دیا ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن ایڈووکیٹ نسیم لیاقت کے علاوہ راجوری اور بدھل حلقوں سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے نے محکمہ صحت میں عملے کی کمی سمیت کلیدی امور اٹھائے ۔ وزیر نے انہیں عوامی امنگوں کو پورا کرنے اور عوامی نمائندوں کی ضروریات کو ترجیح دینے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے مسائل اور خدشات کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر نے قبائلی آبادی کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے ان کے سماجی و معاشی حالات ، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ میٹنگ میں ڈی ڈی سی چئیر پرسن ایڈووکیٹ نسیم لیاقت ، ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چودھری ، ایم ایل اے راجوری افتخار احمد ، وائس چئیر پرسن ڈی ڈی سی شبیر خان ، ڈی ڈی سی ممبر راجوری سائی عبدالرشید ، ڈی ڈی سی ممبر درہال اقبال ملک ، ڈی ڈی سی ممبر ڈھانگری رامیشور سنگھ ، ڈی ڈی سی ممبر ڈوونگی خالد حسین ، ڈی ڈی سی ممبر سندر بنی راجندر شرما اور ڈی ڈی سی ممبر موگھلا شمیم اختر نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔










